پومودرو تکنیک کیا ہے؟ یہ کس طرح فائدہ مند ہے؟

دورِ حاضر میں خواتین مختلف کاموں میں مصروف ہیں۔ انہیں گھر اور باہر، دونوں کی ذمہ داریوں سے نبردآزما ہونا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں بہت سارے چیلنجز اور ذمہ داریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور خواتین کو یہ چیلنجز اور ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے جو آج کسی کے پاس نہیں ہے۔ پومودرو تکنیک (Pomodoro Technique) ایک ذرا ہٹ کر وقت کا مؤثر انتظام کرنے والی تکنیک ہے جو خواتین کو اپنے دن کو بہترین طریقے سے گزارنے کا ایک نیا طریقہ فراہم کرتی ہے۔ تکنیک کا تعارفاس تکنیک میں کسی بھی کام کیلئے ۲۵؍ منٹ مختص کرنے ہیں پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لینا ہے۔ بار بار اسی عمل کو دہرانا ہے۔ اس تکنیک میں آپ کو اپنے لئے ہدف طے کرنا ہے اور اسے ۲۵؍ منٹ میں پانے کی کوشش کرنی ہے، اور پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لینا ہے۔ خواتین اس تکنیک کو اپنی ترجیحات اور کاموں کے مطابق ترتیب دے سکتی ہیں۔ پومودرو تکنیک خواتین کیلئے ایک ممتاز طریقہ ہے۔ اس تکنیک کے ذریعے انہیں پوری توجہ کے ساتھ کام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ تکنیک خصوصاً ان خواتین کیلئے مفید ہے جو محنتی اور مشغول رہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کا ایک بھی لمحہ برباد نہ ہو۔ یہ طریقہ خواتین کو کام کو تقسیم کرنے اور مختلف کاموں کو منظم کرنے میں مدد دیتا ہے جس سے ہر کام میں بہتری ہوتی ہےاور اور زیادہ توجہ سے کام ممکن ہوتا ہے۔ پومودرو تکنیک کی مشق٭سب سے پہلے خواتین اپنا کام منتخب کریں۔ ٭۲۵؍ منٹ کا ٹائمر سیٹ کریں۔ ٭ٹائمر بند ہونے تک کام کریں۔ ٭۵؍ منٹ کا وقفہ لیں۔ ٭اس طریقے کو بار بار دہرائیں۔ ٭اس تکنیک کو مسلسل ۴؍ بار دہرانے کے بعد ۱۵؍ سے ۳۰؍ منٹ کا طویل وقفہ لیں۔ ایک دن میں یہ تکنیک کتنی بار آزمائیں ؟ دن میں کتنی مرتبہ پومودرو تکنیک آزمانی چاہئے؟ یہ خواتین کی شخصیت، ان کے کام کرنے کی استعداد اور کام کی نوعیت پر منحصر ہے۔ یومیہ ۸؍ مرتبہ اس تکنیک کو آزمایا جاسکتا ہے۔ پومودرو تکنیک کے فوائدوقت کا صحیح استعمال: اس تکنیک کے ذریعے آپ وقت کا صحیح استعمال کرسکتی ہیں۔ اگر اس دوران کوئی آپ سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں تو آپ اسے مطلع کریں کہ آپ مقررہ وقت تک مصروف ہیں۔ اس طرح آپ اپنی پوری توجہ اپنے کام پر مبذول کر پائیں گی اور وقت کا صحیح استعمال کرسکیں گی۔ اس طرح کام بھی بہتر انداز میں ہوگا۔ ریکارڈ کریں : ہر پومودرو تکنیک کے آخر میں آپ نے جو کچھ کیا ہے اسے نوٹ کرنے کیلئے آپ ایک منٹ کا وقت نکالیں اور جائزہ لیں کہ عام طور سے آپ جس طرح کام کرتی تھیں، آپ کا کام اس سے بہتر ہوا ہے یا نہیں۔ منصوبہ بندی کو بہتر بنائیں : ریکارڈ کرنے سے آپ مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کرسکتی ہیں۔ وقت کے ساتھ آپ درست طریقے سے اندازہ لگا سکیں گی کہ کسی خاص پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے آپ کو کتنی پومودرو تکنیک کی ضرورت ہوگی۔ مثال کے طور پر ایک مصنفہ کو ایک نئے مضمون کی تحقیق کیلئے اوسطاً ۳؍ پومودرو تکنیک، اپنے خیالات کا خاکہ پیش کرنے کیلئے ایک جبکہ مضمون لکھنے کیلئے ۲؍ پومودرو تکنیک درکار ہوگی۔ بعد میں جب وہ مواد جمع کرنے کا اہداف مقرر کریں گی تو انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہوگا کہ وہ کتنے مضامین لکھ سکتی ہیں۔ اس بنیاد پر ان کے پاس کتنا وقت ہے۔ کمر درد اور ذہنی تھکان کو کم کریں : اس تکنیک کے ذریعے خواتین کو باقاعدگی سے وقفہ لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس دوران وہ چہل قدمی کرسکتی ہیں، ناشتہ کرسکتی ہیں یا کسی کے ساتھ فون پر بات کرسکتی ہیں جس سے کمر درد اور ذہنی تھکان سے نجات ملتی ہے اور ذہن کو آرام ملتا ہے۔ واضح رہے کہ جب ہم جسمانی اور ذہنی طور پر اچھا محسوس کرتے ہیں تو بہتر انداز میں زیادہ کام کرسکتے ہیں۔ محرک کو برقرار رکھیں : جب آپ اس تکنیک کے اختتام پر پہنچتی ہیں اور آپ کا کام تقریباً مکمل ہوجاتا ہے تو یہ گھڑی کے خلاف ایک دلچسپ دوڑ بن جاتی ہے کہ آپ کا کام وقت سے قبل مکمل ہوگیا۔ اور آپ میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوتا ہے۔ حوصلہ افزائی کی یہ چھوٹی چھوٹی مقدار بڑھتی جاتی ہے اور وقت کے ساتھ آپ کے کام اور کامیابی میں مسلسل اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ آسان شروعات: یہ تکنیک حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ آپ کے دن کو آسانی سے شروع کرنے میں مدد کرسکتی ہے۔ آپ کیلئے اپنے پورے دن کے کاموں کی فہرست کے بارے میں سوچنا مشکل ہوسکتا ہے لیکن ۲۵؍ منٹ کیلئے نتیجہ خیز ہونے کیلئے اپنے نقطۂ نظر کو دوبارہ ترتیب دینا اکثر زیادہ قابل حصول ہوسکتا ہے، لہٰذا یہ تکنیک ضرور آزمائیں۔