اودھم پور۔ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ,5 بجے تک 65.08 فیصد پولنگ ریکارڈ

 

نیوزڈیسک

اودھم پور //جموں وکشمیر کی اودھم پور لوک سبھا سیٹ کے لئے جمعہ کی صبح برستی  بارش کے بیچ پولنگ جاری ہوئی اور پولنگ بوتھوں پر صبح سے ہی ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس سیٹ کے لئے پولنگ کے پہلے مرحلے کے دوران5بجے تک 65.08 فیصد رائے دہندگان نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس لوک سبھا نسشت کی پولنگ کے لئے 2 ہزار6 سو 37 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں جمعہ کی صبح 7 بجے پولنگ شروع ہوئی۔رام بن میں قائم ایک پولنگ اسٹیشن پر پہلی بار اپنے ووٹ کا استعمال کرنے والی ایک خاتون ووٹر نے میڈیا کو بتایا: ‘میں نے آج پہلی بار اپنے ووٹ کا استعمال کیا’۔انہوں نے کہا: ‘میں نے جس امیدوار کو ووٹ دیا مجھے امید ہے کہ وہ ملک کی ترقی اور لوگوں کی خوشی و خوشحالی کے لئے کام کریں گے’۔ایک عمر رسیدہ خاتون ووٹر نے بتایا: ‘میں نے ووٹ ڈالا کیونکہ ہمیں روڈ، بجلی وغیرہ کی ضرورت ہے’۔انہوں نے کہا: ‘میں کسی دقت کے بغیر اپنا ووٹ ڈالا، حکومت نے اچھے انتظامات کئے ہیں’۔اس لوک سبھا نشست کے لئے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ سمیت 12 امید وار میدان میں ہیں جن میں سابق رکن پارلیمان چودھری لال سنگھ اور ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی کے جی ایم سروری بھی قابل ذکر ہیں۔اس سیٹ کے لئے 6 آزاد امیدا وار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔حکام کے مطابق پولنگ کے پر امن اور احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے 11 ہزار پولنگ اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حلقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اس حلقے کی پولنگ کے لئے زائد از 16.23  لاکھ  رائے دہندگان حق رائے دہی کے اہل ہیں۔پانچ اضلاع کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، اودھم پور اور کٹھوعہ پر محیط اودھم لوک سبھا سیٹ 18 اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔قابل ذکر ہے کہ سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ اور ریاست کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے بعد جموں وکشمیر میں پہلی بار پولنگ ہو رہی ہے۔