پہاڑیوں کو ریزرویشن ملنے سے گجربکروالوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا

کچھ مفاد پرست عناصر راجوری پونچھ کے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں:غلام کٹھانہ

اُڑان نیوز

نئی دہلی//راجیہ سبھا ممبرانجینئرغلام نبی کھٹانہ نے جمعرات کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔انہوں نے وزیر داخلہ کو جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے جاری مہم کے بارے میں جانکاری دی۔ راجیہ سبھا ایم پی نے مرکزی وزیر داخلہ کو قبائلی نوجوانوں اور دیگر کے ساتھ اُن کی سلسلہ وار ملاقاتوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے حق میں اچھی رائے ہے۔انہوں نے کہا’’بی جے پی جموں و کشمیر سے تمام پانچ لوک سبھا نشستوںاور لداخ یونین ٹیریٹری سے ایک سیٹ جیت لے گی‘‘۔انہوںنے بتایاکہ دفعہ370 اور 35-A کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔اِس سال کشمیر میں ریکارڈ تعداد میں سیاح آئے کیونکہ پی ایم مودی کی قیادت میں وادی میں امن قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ مفاد پرست عناصر راجوری پونچھ اضلاع کے لوگوں کو گمراہ کر کے امن کو خراب کر رہے ہیں۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے بتایا’’میں راجوری پونچھ علاقے کے لوگوں سے امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان ِ پارلیمان پر اعلان کیا ہے کہ پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن دینے سے قبائلی گجربکروال کسی بھی طرح متاثر نہیں ہوں گے۔ راجوری-پونچھ علاقہ میں پی ایم مودی کی قیادت میں ریکارڈ ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوکی چورا اور بھاملہ کے درمیان ٹنل اور نوشہرہ کے علاقے میں ایک اور ٹنل راجوری پونچھ علاقوں کے لوگوں کی سہولت کے لیے بنائی جا رہی ہے اور ان ٹنلوںسے جموں سے راجوری تک کے سفر کے وقت میں کمی آئے گی۔