بھاجپا جس مرضی اُمیدوار کو ووٹ دینے کے لئے کہے، ووٹ دیں گے:پہاڑی قبیلہ

پہاڑی طبقہ ’احسان کا بدلہ احسان‘دینے کا وعدہ بند
بھاجپا جس مرضی اُمیدوار کو ووٹ دینے کے لئے کہے، ووٹ دیں گے:عوام
اُڑان نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیر کے پہاڑی قبیلہ نے ایکبار پھر واضح کیا ہے کہ وہ ’احسان کا بدلہ احسان‘سے دینے کے وعدہ بند ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں وہ بڑھ چڑھ کر اپنے ووٹ کا استعمال بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں کریں گے۔قبیلہ کے عام لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی قیادت والی مرکزی سرکار کا شکرگذار ہیں کہ اُن کا چار دہائیوں کے زائد عرصہ سے التوا میں پڑے مطالبہ کو سنجیدگی سے لیکر حل کیاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے کئی دہائیوں تک پہاڑی طبقہ کے لوگ مختلف سیاسی جماعتوں کو اسی مطالبہ کو پورا کرنے کے لئے ووٹ دیتے رہے ہیں لیکن ووٹ دینے کے باوجود معاملہ التوا میں ہی رہا۔ اب بھاجپا نے الیکشن سے پہلے ہی وعدہ پورا کیا ہے تو ووٹ اُسی کو ہی ملے گا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ لیڈران اپنے حقیر ذاتی مفادات کی خاطر اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آئے روز سوشل میڈیا پر بیان بازیاں کر رہے ہیں جس سے غلط تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اُنہیں اپنے مفادات کی خاطر اس طرح کی کم ظرفی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔پونچھ،سرنکوٹ، منڈی، مینڈھر، راجوری، تھنہ منڈی، منجاکوٹ، درہال، کالاکوٹ، بدھل ،نوشہرہ،سندربنی، کرناہ،ٹنگڈار، کپواڑہ، ترہگام، کیرن، اوڑی، شوپیان، بارہمولہ اور وادی کے دیگر علاقوں میں آباد پہاڑی طبقہ کے لوگ اپنے وعدے کو وفا کرنے کے عہد بند ہیں اور ہمیشہ بھاجپا قیادت والی مرکزی سرکار وزیر اعظم ہندنریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ وغیرہ کا شکرگذار رہیں گے جنہوں نے ایک تاریخ ساز فیصلہ کر کے پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کے زمرہ میں شامل کیا۔ طبقہ نے واضح کیا ہے کہ بی جے پی چاہئے اپنا اُمیدوار کھڑا کر ے یا کسی دوسرے اُمیدوار کو ووٹ دینے کے لئے کہے، ہم ووٹ دینے کے وعدہ بند ہیں۔ لہٰذا پہاڑی قبیلہ سے وابستہ ہرووٹر کو اپنے طبقہ کے مفادات کو ترجیحی دینی چاہئے اور اِس وقت طرح طرح کے حربے استعمال کر کے انتشار اور تقسیم پھیلانے والوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔