تنخواہوں کی واگذاری اور مستقلی کے معاملات عارضی ملازمین پریشان

حکومت کوئی واضح پالیسی متعارف کرنے میں ناکام

اُڑان نیوز

راجور ی +پونچھ//مختلف محکموں میں تین دہائیوں سے کام کرنے والے کیجول لیبرس تنخواہوں اور جائز مراعات و مستقلی سے محروم ہیں ۔عارضی ملازمین لیبرس نے بتایا کہ وہ دویا تین دہائیوں سے محکمہ میں سرفروشوں کی طرح کام کررہے لیکن ان کو تنخواہیں واگذار نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تیس سال کا عرصہ ہونے کے باوجود بھی ان کی مستقلی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے ۔ان میں سے بہت سے ملازمین ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ گئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کسمپرسی کی زندگی بسر کرتے ہوئے بھی اپنی ذمہ داریاں بہ حسن خوبی انجام دیتے رہتے ہیں ۔تنخواہ واگذار نہ ہونے کی وجہ سے ان کا اہل وعیال فاقہ کشی پر مجبور ہورہا ہے جبکہ ان کے بچوں کی تعلیمی اخراجات پوارانہ کی صورت میں تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔آج تک ہر ایک سرکار یا انتظامیہ نے ان کو مستقل کرنے یا ان کے تنخواہیں واگذار کرنے کے وعدے کئے ہیں تاہم وہ سب وعدے سراب اور جھوٹ ثابت ہوئے ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام اورموجودہ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقلی اور رکی پڑی تنخواہوں کی واگذاری کویقینی بنانے کیلئے فوری طور اقدام اٹھائے جائیں تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔