پونچھ میں میاں بشیر احمد لارویؒ پر یک روزہ کانفرنس

مقررین نے سیاسی، روحانی اور ادبی زندگی کے مختلف پہلووں کو اُجاگر کیا

الطاف حسین جنجوعہ

پونچھ//جموں وکشمیر کی ممتاز روحانی شخصیت میاں بشیر احمد لارویؒ پر ڈاک بنگلہ پونچھ میں یک روزہ کانفرنس کا اہتمام کیاگیا۔ اس میں وانگت لار العمروف لار شریف سے عقیدت رکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں راجوری اور پونچھ اضلاع سے لوگوں نے شرکت کی جن میں سابقہ وزرائ، اراکین قانون سازیہ، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسن، سرکردہ سیاسی وسماجی شخصیات، علماءدین، مفتیان کرام، ادبا، شعرا، وکلاءنے شرکت کی۔ اس موقع پر بابانظام الدین لاروی ؒ وانگت لار کے سجادہ نشین اور سابقہ کابینہ وزیر میاں الطاف احمد لاروری ؒ مہمان خصوصی تھے۔

ایوان صدارت میں اُن کے ساتھ سابقہ ایم ایل اے چوہدری محمد اکرم، مولانا سعید حبیب، پروفیسر جہانگیر اصغر، پروفیسر ایم کے وقار، میاں ارشاد احمد نظامی ،مفتی بشارت ثقافی، پروفیسر ایم کے وقار، اسسٹنٹ پروفیسر مفتی ابراہیم مصباحی، ایاز احمد سیف اور مورخ کے ڈی مینی بھی موجود تھے۔اس موقع پر مقررین نے درجن کے قریب مقالات پیش کئے جن میں میاں بشیر احمد لاروی ؒ کی سیاسی، سماجی، ادبی، روحانی زندگی کے مختلف گوشوں کو خوبصورت انداز میں اُجاگر کیاگیا۔ایاز احمد سیف نے مترنم آواز میں بابا جی کا کلام پیش کر کے محفل پر رقط طاری کر دیا۔ صف سامعین میں پونچھ، منڈی، ساوجیاں، لورن، چنڈک، ڈنگلہ، لسانہ، بفلیاز، سرنکوٹ، شیندرہ، کلائی،مینڈھر، منکوٹ، بالاکوٹ، جگال، چھترال، منجاکوٹ، خواص، بدھل، کوٹرنکہ، درہال، تھنہ منڈی، راجوری، شاہدرہ شریف، کالاکوٹ، نوشہرہ، بیری پٹن، چنگس ، سندربنی سے تعلق رکھنے والی بیشتر چیدہ چیدہ ادبی، سیاسی، سماجی شخصیات، ماہرین تعلیم، دانشوران موجود تھے ۔نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔

منتظمین میں زمورد مغل، اسد نعمانی، آصف میر وغیرہ شامل تھے۔کانفرنس کا اہتمام سوشل میڈیا چینل ’ہلا بول‘کے زیر اہتمام کیاگیاتھا۔ا س کانفرنس کی خاص بات یہ بھی رہی کہ اس میں بلا لحاظ مذہب وملت، مسلک اور سیاسی نظریات سے بالاتر خطہ پیر پنجال کی پوری کہکشاں ایک جگہ نظر آئی جس میں سیاستدان، ادبی، علمی، سماجی شخصیات، ڈاکٹرز، وکلائ، ماہرین تعلیم، دانشوران، نوجوان، سول وپولیس انتظامیہ کے افسران، علماءدین ، مفتیان کرام کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پہچان رکھنے والی شخصیات شامل تھیں۔