سری نگر میں 26 نومبر تک صبح کے وقت دھند چھائی رہنے کا امکان: ڈائریکٹر موسمیات سری نگر

SRINAGAR, NOV 20 (UNI):- Srinagar witnessed dense fog and haze, disrupting normal activities on Monday. UNI PHOTO-79U

سری نگر// ڈائریکٹر موسمیات سری نگر مختار احمد کا کہنا ہے کہ سری نگر میں 26 نومبر تک صبح کے وقت گہری دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم بعد ازاں موسم خراب بدل کر بارشیں ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں دھند چھائے رہنے کا سلسلہ ختم ہوگا۔بتادیں کہ سری نگر میں پیر کی صبح بھی لگاتار تیسرے دن بھی گہری دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے جہاں ڈرائیور حضرات کو ہیڈ لائٹس چالو کرکے گاڑیاں چلانا پڑیں وہیں صبح کے وقت مختلف کاموں کے لئے نکلنے والوں خاص کر اسکولی بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔موصوف ڈائریکٹر موسمیات نے یو این آئی کو بتایا: ‘سری نگر میں صبح کے وقت دھند چھائی رہنے کا سلسلہ 26 نومبر تک جاری رہ سکتا ہے بعد ازاں موسم بدل کر بارشوں کا امکان ہے، بارشوں سے موحولیاتی آلودگی ختم ہوتی اور اس سے دھند چھائی رہنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ گرچہ وادی کشمیر میں ماہ رواں کے آخر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم 29 اور 30 نومبر کو بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں ٹھنڈ شروع ہوئی ہے جس سے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ ہونے کی ہی توقع ہے۔مختار احمد نے کہا کہ مطلع ابر آلود رہنے کی صورت میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب مطلع صاف ہوتا ہے تو درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوتی ہے۔دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘برف باری کم ہونے اور کم بارشیں نہ ہونا جہلم میں پانی کی سطح کم ہونے کی بنیادی وجہ ہے’۔انہوں نے کہا کہ جولائی اگست میں جب برسات کا موسم ہوتا ہے تو پانی کی سطح اچھی ہوتی ہے۔امسال موسم سرما کے دوران بھاری برف باری کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی ہے۔