علامہ انور شاہ اکیڈمی پونچھ میں علمی تقریب

ڈاکٹر ذاکر حسین کی تالیف’انسائیکلوپیڈیا علم الحدیث‘کی رونمائی
اُڑان نیوز
پونچھ //سرسید ایجوکیشن مشن اور ہاکیہ کے اشتراک سے حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی شہر پونچھ کے جیلانی ہال میں مختصر علمی تقریب کا انعقاد جس میں ضلع پونچھ کے معزز ججز موبائل مجسٹریٹ منصف تبریز قاضی ، منصف سرنکوٹ وجج ڈلساعالی وجاہت حسین کاظمی ،ایس ایس پی خالد امین ، ڈی ایس پی آپریشن اعجاز چودھری،ڈاکٹر شبیر حسین شاہ ریٹائرڈ پرنسپل، تنویر احمد کے اے ایس آفیسر، ایاز احمد بھٹ بی ڈی او لسانہ، ڈائریکٹر ریٹائرڈ شوکت حسین کاظمی پروفیسرمحمد لطیف میر، پروفیسر فتح محمد عباسی، ڈاکٹر ہارون راٹھور اور متعدد پروفیسرز، لیکچرار، وکلاء کے ہاتھوں عالی ڈاکٹر ذاکر حسین فازکی مرتب کردہ گراں قدر تالیف ’’ انسائیکلوپیڈیا علم الحدیث‘کی تقریب ِ رونمائی عمل میں لائی گئی ۔تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہارون راٹھور نے انجام دیئے جنہوںنے کتاب اور صاحب کتاب پر سیر حاصل گفتگوکرعلمی چاندنی بکھیری۔ڈاکٹر سرفراز میر علیگ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔پروفیسر محمد لطیف میر نے کتاب کے لیے تیار کردہ نقدو تبصرے سے بھرپور مدلل مقالہ پیش کیا جس میں موصوف نے مولف محترم کی قلمی کاوش کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ نت نئے مشوروں سے بھی نوازا۔اس موقع پر معزز ججز صاحبان اور منتخب مقررین نے ڈاکٹر ذاکر حسین فاز کی تالیف کو فن حدیث کی دنیا میں ایک اہم پہل قراردیا اور مشترکہ پیغام میں کہا کہ خط پیر پنچال کے نوجوان اسکالر اور بیوروکریٹ عالی ڈاکٹر فاز کے اے ایس آفیسر نے حدیثِ نبوی کو تحقیقی موضوع بنا کر انتہائی عرق ریزی کے ساتھ ضخیم کتاب بنام”انسائیکلوپیڈیا علم الحدیث”مرتب کی ہے،جو مطالعے کا شغف رکھنے والوں، علماء کرام اور ہر اہل ایمان کے لیے یکساں طور پر بے حد مفید کتاب ہے جس سے ہم سب کو استفادے کی ضرورت ہے۔