ظفر منہاس کا خطہ پیر پنچال میں والہانہ استقبال شاہدرہ زیارت پر بھی حاضر دی، دیش اور ریاست کیلئے خصوصی دعاکی

نثار خان

تھنہ منڈی// اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس نے خطہ پیر پنچال کو دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مشہور زیارت شاہدرہ شریف پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں نے پورے ملک کے ساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔بتایا جاتا ہے کہ نوشہرہ سے راجوری شہر تک مختلف مقامات پر لوگوں نے ظفر اقبال | منہاس کے قافلے کا بڑی تعداد میں استقبال کیا۔ واضح رہے کہ راجوری اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لیے اپنی امیدواری پر لوگوں کے اعتماد کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ظفر اقبال منہاس نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ انھیں مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ راجوری اننت ناگ پارلیمانی نشست پر کامیاب ہوئے تو کسی تعصب کے بغیر خطہ پیر پنجال میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مغل روڈ کو ہمہ موسمی بنانے کیلئے مغل شاہرا پر مجوزہ دو سرنگوں کی تعمیر اور جموں۔ پونچھ ریلوے لائن کی تعمیر کو یقینی بنانے اور خطہ پیر پنچال کے لیے علیحد و پارلیمانی سیٹ کے لیے تن من دھن سے کام کریں گے۔ علاؤہ ازیں ترجیحی بنیادوں پر علاقائی ترقی، سیاحت کے فروغ ، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کے مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ ظفر منہاس کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہوتے ہیں تو ایک منصوبہ بند طریقے سے بلا تفریق رنگ و نسل مذہب و ملت لوگوں کی خواہشات کے مطابق اس خطہ کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔ ادھر سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بھروٹ علاقے میں بھی ظفر اقبال منہاس کا والہانہ استقبال کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے خطہ پیر پنچال کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے سوتیلا سلوک کیا گیا ہے تاہم وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اب اس علاقے کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ ظفر منہاس کا مزید کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کا واضح ایجنڈا ہے کہ خطے کو انصاف ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیر پنجال کے علاقے میں سیاحت کے لیے بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے لیکن اس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ تعمیر و ترقی کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ مغل روڈ پر مجوزہ دو سرنگیں جن میں ایک دہرہ کی گلی اور دوسری پیر کی گلی میں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے فوری طور پر تعمیر کروایا جائے گا۔اس طرح مغل شاہراہ پر سارا سال ٹریفک کی آمد و رفت بحال رہے گی جس سے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خطے میں سیاحت کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ علاؤہ ازیں اس خطے کے آبی ذخائر اور چراگاہوں کو یورپ کی طرز پر ترقی دی جائے گی تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے، معیشت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں پونچھ ریلوے لائن ہمارا ایک دیرینہ خواب ہے جس کی بر وقت تکمیل کے لیے کام کرنے کے لیے میں پرعزم ہوں جو یہاں کے عوام کے لیے سستا اور آسان ٹرین سفر فراہم کرے گی۔ ظفر اقبال منہاس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ذات پات ،مسلک، مذہب یا علاقائی تفریق سے اوپر اٹھ کر راجوری۔ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لیے اپنی پارٹی کو ووٹ اور سپورٹ کریں۔ اس موقع پر دیگر پارٹی کارکنان نے بھی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پرانے سیاست دانوں سے اب وہ تنگ آ چکے ہیں لہذا اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر منہاس کو ووٹ دے کر انہیں کامیاب کریں۔ بعد یہ قافلہ تھنہ سے ضلع پونچھ کے لیے روانہ ہو گیا۔