’پردھان منتری گرام سڑک یوجنہ‘سرنکوٹ میں بیشتر سڑکوں کی حالت خستہ

امیرالدین زرگر

سرنکوٹ// تحصیل سرنکوٹ میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنہ کے تحت تعمیر کی جارہی اور تعمیر شدہ سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ پی ایم جی ایس وائی کے تحت مرکز کی طرف سے سڑکوں کی تعمیر کے لئے سب سے زیادہ رقومات واگذار کی جارہی ہیں لیکن زمینی سطح پر اِن کا منصفانہ تصرف نہیں ہورہا۔ خزانہ عامرہ سے کروڑوں روپے واگذار کرنے کے باوجود سڑکوں کی حالت خستہ ہے۔ اکثر وبیشتر سڑکوں پر بچھائی گئی تار کول ایک سال کے اندر ہی اُکھڑ چکی ہے ۔سڑکیں گہرے گڈوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔سڑکوں کی حالت خستہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مجبوراً اضافی کرایہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے،وہ اس لئے کہ ایسی سڑکوں پر ڈرائیور بھی گاڑی چلانا گوارہ نہیں کرتے ۔ان سڑکوں میں سرنکوٹ پمروٹ تا سانگلہ ،چیڑ تا موٹھی والا سرنکوٹ ،چرالاں دندی دھڑا سڑک ،سرنکوٹ فضل آباد دھواں سڑک ،دھندک تا عیدگاہ مڑہوٹ سڑک ،عیدگاہ مڑہوٹ تا سولیاں سڑک ،لسانہ بچیاں والی تا سلطان پورہ سڑکیں شامل ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ سرنکوٹ میں زیر تعمیر اور تعمیر شدہ پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کا آڈٹ کرایا جائے اور زمینی سطح پر رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنایاجائے۔