سرنکوٹ بفلیاز سڑک کا تعمیری کام سست روی کا شکار پچھلے تین سالوں سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا

امیرالدین زرگر

سرنکوٹ// سرنکوٹ بفلیاز سڑک کا تعمیری کام سست روی کا شکار ہے ،پچھلے تین سالوں سے عوام کو مشکلات کا سامناہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعمیری کمپنی دھرم راج کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام پچھلے تین برسوں سے مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔اس تین سال کے عرصہ میں مسافروں ،ملازمین، اسکولی طلباء اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا ۔انتظامیہ کی جانب سے مسلسل طفل تسلیاں دی جاتی رہیں۔اس دوران کئی افسران آئے اور کئی چلے گئے لیکن معاملہ جوں کا توں ہے۔چھ ماہ قبل عوامی دربار کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ یاسین چوہدری کے نوٹس میں سرنکوٹ بفلیاز سڑک کا معاملہ لایا گیا تھا جس کے بعد موصوف نے دھرم راج کمپنی کو دو ماہ کے اندر کام مکمل کرنے کو کہا تھا لیکن چھ ماہ گزرنے کے بعد بھی دھرم راج کمپنی کو ٹس سے مس نہیں ہوئی ۔آج بھی سرنکوٹ بفلیاز سڑک کی حالت جوں کی توں بنی ہوئی ہے ۔اس دوران کئی درجن گاڑیوں کا نقصان بھی ہوا ۔ڈرائیور طبقہ آج بھی پریشان ہے۔ اگر ایک ہزار روپے کماتے ہیں تو تین ہزار روپے گاڑی کا نقصان ہوتا ہے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ خدا رہ سرنکوٹ بفلیاز سڑک پر توجہ دی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔