خطہ پیر پنجال میں برف باری

لوگوں میں خوشی کی لہر،برف سے لطف اٹھایا، تھنہ منڈی۔ بفلیاز سڑک بند
امیر الدین زرگر+نثار خان
سرنکوٹ +نثار خان// بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کے بعد سے اضلاع راجوری اور پونچھ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔پہاڑوں پر تین انچ سے لیکر دو فٹ تک برف باری کی اطلاعات ہیں۔سرنکوٹ میں پیر گلی، بفلیاز، پوشانہ ، ڈوگراں، چندی مڑھ، بفلیاز، پوٹھا، سنئی، سموٹ، درابہ، ڈنہ شاہستار، جموں شہید، ہاڑی مڑہوٹ، منڈی، ساوجیاں، لورن، درہال، تھنہ منڈی میں کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔اس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کئی مقامات ،جہاں تک سڑک قابل ِ آمدورفت تھی، کے ذریعے لوگ برف سے لطف اندوز ہونے گئے۔ سرنکوٹ اور مینڈھر کے وسط پر واقع ابھرتاسیاحتی مقام ڈنہ شاہستار میں کثیر تعداد میں لوگ پہنچے اور برف سے لطف اندوز ہوئے۔ برف باری سے کسانوں نے بھی راحت کی سانس لی، کیونکہ اس سے نہ صرف گندم بلکہ موسم گرماکے دوران مکئی ودیگر فصلوں کی بھی اچھی پیداوار ہوگی۔تھنہ منڈی بفلیاز سڑک براستہ دیرہ گلی گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے بند رہی ۔گذشتہ رات سال کی پہلی برفباری سے جموں۔ پونچھ براستہ دیرہ گلی سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند ہوگئی ۔ اس سڑک پر تقریبا ایک فٹ سے زائدبرف گری ہے۔ جس وجہ سے آج دوسرے روز بھی اس سڑک پر گاڑیوں کی آمدو رفت بند رہی۔ یہ سڑک کافی اہمیت کی حامل ہے۔ جو بفلیاز کے مقام پر تاریخی مغل شاہراہ کے ساتھ ملاتی ہے۔ جو ابھی تک سنگل لین تھی اور اب اس سڑک پر کشادگی کا کام بھی جاری ہے۔ ضلع پونچھ کے سرنکوٹ بفلیاز، سیلاں، چنڈی مڑھ اور بہرام گلہ کے عوام کو تھنہ منڈی و راجوری جانے میں کافی آسانی ہوتی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کہ اس ترقی یافتہ دور میں سائنس نے کافی ترقی حاصل کی ہے لیکن محکمہ گریف نے آج بھی قدیم طریقہ اپنا رکھا ہے۔اس سڑک سے برف نہ ہٹا کر محکمہ عوام کے ساتھ ایک بھدا مذاق کر رہا ہے۔ جدید دور میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے مشینیں استعمال کی جاتی ہیں مگر تھنہ منڈی بفلیاز سڑک پر ایسا نہیں کیا جاتا۔ عوام تھنہ منڈی و علاقہ جات نے ضلع انتظامیہ و لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں بھی برف ہٹانے کے لئے سنو کٹر مشینیں دستیاب رکھی جائیں۔برف باری کی وجہ سے سرد ی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دیہات میں بجلی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی ہیں ۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹیو آفیسر پی ڈی ڈی نے بتایا کہ اگر موسم سازگار رہا تو جن علاقوںمیں رکاوٹ ہے ،ملازموں کو بیج کر بجلی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔