جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک آمدورفت کیلئے بند

قمر الدین منہاس
رام بن //وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ کے شیر بی بی کے مقام پر سڑک کا دھنس جانے اور مختلف مقامات پر چٹانیں گر آنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ جمعرات دن شاہراہ کے اس سیکٹر میں دوطرفہ گاڑیاں درماندہ رہیں، شام چھ بجے کے قریب شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے جزوی طور پر بحال کرکے شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزل کی طرح روانہ کر دیا گیا تاہم بعد لگاتا ر برفباری و بارشوں کے بعد شاہراہ پر پھلسن کی وجہ سے کچھ ہی دیر بعد پھر شاہراہ پر آمدورفت روک دی گئی۔آخری اطلاعات ملنے تک شاہراہ بدستور بند تھی۔ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ برف جمع ہونے کے باعث مسلسل بند ہیں۔جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ رامسو اور بانہال کے درمیان بھاری برف باری اور بارشوں کے باعث ٹنل 2 پر چٹانیں کھسک آنے کے نتیجے میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ شاہراہ صاف ہونے تک اس پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک مسلسل بند ہے۔بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی میں برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی۔