جموں کے اسکولوں کی سرمائی تعطیلات میں 27 جنوری تک مزید توسیع

جموں//جموں وکشمیر میں جاری سردیوں کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے گرمائی زون کے اسکولوں کی سرمائی تعطیلات میں مزید توسیع کی ہے۔ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری ایک حکنامے کے مطابق گرمائی زون کے تمام سرکاری وغیر سرکاری اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لئے سرمائی تعطیلات میں27 جنوری 2024 تک توسیع کی گئی ہے۔قبل ازیں سرد یوں کے پیش نظر جموں کے اسکولوں میں تین بار توسیع کی گئی تھی۔نا ساز گار موسمی صورتحال کے باعث حکام نے پہلے ان تعطیلات میں 6 جنوری تک توسیع کی تھی جبکہ سردیوں کے زور کے پیش نظر ان میں مزید اضافہ کرکے ان کو 12 جنوری تک بڑھا دیا گیا تھا۔بعد ازاں 17جنوری تک سرمائی تعطیلات میں توسیع کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ جموں میں رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔