فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کا ایل او سی دورہ فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا

اُڑان نیوز
جموں// فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچیندر کمار نے منگل کے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اوروہاں پر جوانوں سے گفت وشنید کی۔جوانوں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر ایل او سی پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے میٹنگ کے دوران کہاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اضافی چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل کو فوج کے سینئر آفیسران نے نائٹ وائٹ کارپس ہیڈ کواٹر میں فوجی کمانڈر کو سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔شمالی کمان کے سربراہ کو اس موقع پر پونچھ اور راجوری کے جڑواں اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔