ضلع کیپس منصوبہ2023-24کے تحت 1755کاموں کے ٹینڈر

1499الاٹ کاموں میں سے 209مکمل
ٹینڈرنگ عمل تیز کر کے وقت کم سے کریں، دسمبر تک 70فیصد اخراجات کو یقینی بنائیں: ڈی سی
اُڑان نیوز نیٹ ورک
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یٰسین محمد چودھری نے سبھی سیکٹورل اور ضلع افسران پرزور دیا ہے کہ ضلع کیپس منصوبہ 2023-24کے تحت دسمبر تک 70فیصد اخراجات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے افسران پرزور دیاکہ ضلع کیپس بجٹ کے تحت جتنے بھی کام منظور کئے گئے ہیں، اُن پرجاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی رفتار تیز کی جائے۔ اس اجلاس میں بتایاگیاکہ ضلع کیپس کے تحت کل 1929کام رکھے گئے تھے جس میں 1755کاموں کے ٹینڈر نکالے گئے،1499کاموں کی الاٹمنٹ کر دی گئی ہے۔778پر کام شروع کر دیاگیا ہے جبکہ 209کام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ بہترکارکردگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے اور وقت کا کم سے کم ضیاع پر زور دیا۔انہوں نے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے تحت مختص فنڈز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ مزید پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے مقررہ اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنے کے لیے تمام زیر التواء کاموں کو فوری طور پر شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ایک ماہ تک چلنے والی سوچھتا خصوصی مہم 3.0 کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہم کا مقصد سرکاری دفاتر کی مجموعی صفائی کو بہتر بنانا اور عوامی تجربے کو بڑھانا ہے۔ اس لیے فیلڈ اور آؤٹ سٹیشن دفاتر پر خصوصی توجہ دی جائے گی جو خدمت کی فراہمی یا عوامی انٹرفیس رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور روزانہ کی رپورٹ فراہم کریں۔