پونچھ ایڈونچر ٹورازم میںدلچسپی رکھنے والوں کے لئے پسندیدہ جگہ

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر کے سرحدی اضلاع راجوری پونچھ جوکہ ہمالیہ پہاڑی سلسلہ پیر پنجال کے دامن میں واقع کی ہیں، میںسب سے بلند ترین پہاڑی چوٹی ’تتہ کُٹی‘ہے ۔سطح سمندر سے 4760میٹر کی بلندی پر واقع اِس چوٹی پر جانا انتہائی دشوار گذار ہے، جہاں پر اچانک تیز آندھی، طوفان اور بارش روز کا معمول ہے۔ لیکن کچھ نوجوان پچھلے چند سالوں سے اپنی جان کو جوکھم میں ڈال کر اِن اضلاع کے خوبصورت ترین مقامات کو ایکسپلور کر کے سیاحتی نقشہ پر لارہے ہیں۔ اس ضمن میں پیر پنجال ٹریکرز، پیر پنجال ایکسپلورز نام، ڈسکور پیر پنجال ویلی سے گروپ بھی بنے ہیں ۔گذشتہ دنوں 6ٹریکرز جس میں امتیاز احمد منہاس، معین منہاس، قاسم چودھری، ایوب چودھری، طیعب خان جنجوعہ، اشتیاق چودھری شامل تھے، نے اِس چوٹی کو سرکیا اور وہاں پر بھارتیہ ترنگا لہرایا۔

اِن ٹریکرز نے اپنا سفر مغل شاہراہ کے چھتہ پانی علاقہ سے شروع کیاتھا۔ بڑے پیمانے پر اِن مقامی ٹریکرز کی سراہنا کی جارہی ہے جنہوں نے یہاں پر بھارتیہ ترنگا لہرایا۔ اب اُمید ہے کہ ہندوستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے سیاح اِس طرف راغب ہوں گے اور خطہ پیر پنجال میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا۔ یہ چوٹی بڈگام اور پونچھ اضلاع کی سرحد پر واقع ہے جہاں سے ایک خوبصورت نظارہ کرئہ ارض کا دیکھاجاسکتا ہے جس کوالفاظ

میں بیان کرنا ہی مشکل ہے۔ راجوری پونچھ اضلاع میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ مقامی ٹریکرز نے پونچھ کی طرف سے اِس چوٹی کو سر کیا۔ 15,620 فٹ بلند پر واقع پیر پنجال سلسلے کی سب سے نمایاں اور مسلط چوٹی بلاشبہ تتہ کٹی ہے ۔یہ شوپیاں شہر سے 40 کلومیٹر مغرب میں اور جموں اور کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر سے 105 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ یہ پیر پنجال کی سب سے اونچی چوٹی ہے جو جنوب مغرب میں کشمیر سے ملتی ہے۔پیرپنجال سلسلے کی ابتدائی تلاش 1856 میں تھامس مونٹگمری اور گاڈون آسٹن نے کی تھی۔تتہ کُٹی چوٹی کی پہلی چڑھائی 1901 میں سی ای بارٹن اور ڈاکٹر ارنسٹ نیو نے کی تھی۔ 2018 میں ایک مقامی کشمیری ایڈونچر کلب، الپائن ایڈونچرز نے عادل شاہ کی قیادت میں چوٹی کی جنوبی چوٹی کو سر کیا۔ اس سے پہلے اس چوٹی پرکشمیر کی طرف کچھ ٹریکرز آتے رہے ہیں جن میں 2021 میں، جواہر انسٹی

 

ٹیوٹ آف ماونٹرنگ اینڈ ونٹر اسپورٹس کی ایک ٹیم نے ایورسٹر اقبال خان، ایورسٹر محفوظ الٰہی، اجے چوہان کی قیادت میں مرکزی چوٹی کو سر کیا۔ پھر 24 ستمبر 2022 کو جموں کشمیر ماونٹرنگ اینڈ ایڈونچر کلب کی 9 رکنی ٹیم نے چوٹی کی تیسری کامیاب چڑھائی کی جس میں محمد وانی ،ارشد مجید،ذیشان مشتاق، طاو¿س بابا، حاذق بیگ، خورشید بیگ، محسن فاروق، تنویر ڈار اور مدثر بشیر شاہ شامل تھے۔