پرائمری ہیلتھ سینٹر سانگلہ 9 سال سے زیر تعمیر

ایلوپیتھک ڈسپنسری چاردہائیوں سے ایک کچے کمرے سے چل رہی ہے
امیرالدین زرگر
سرنکوٹ //سرنکوٹ صدر مقام سے آٹھ کلومیٹر دور سانگلہ میں واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر کی عمارت پچھلے 9 سال سے زیر تعمیر ہے ۔موجودہ ایلوپیتھک ڈسپنسری کا کام کاج محض ایک کچے کمرے میں چالیس سال سے چلایا جا رہا ہے ،اس کمرے کی بھی حالت خستہ ہے ۔مذکورہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کی عمارت کا کام لینٹر سطح تک کیا گیا تھا جس کے بعد فنڈ ختم ہو گئے اور کام بند کر دیاگیا۔ زمین مالکان نے بتایا کہ مذکورہ عمارت کا چھت انہوں نے ڈلوایا تھا جس انہیں تین لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔مالکان کا کہنا ہے کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر کے لئے دو کنال اراضی دی تھی جس کے عوض میں اُنہیں کوئی نوکری ملی اور نہ ہی زمین کا معاوضہ ملا ۔دو کنال اراضی پرائمری ہیلتھ سینٹر کے لئے دی ۔اس ساتھ اُنہیں مزید دس کنال اراضی کا نقصان ہو رہا ہے ۔فنڈز دستیاب نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے مذکورہ عمارت میں لگائی گئی ۔دروازوں اور کھڑکیوںکی تمام لکڑی بوسیدہ ہو گئی ہے ۔دوسرے چھت کے لئے 13 لاکھ روپے کا فنڈز رکھا گیا تھا جس میں ٹھیکیدار نے کام کیا ۔اس وقت بھی ٹھیکیدار کے پاس ایک کروڑ روپے کی الاٹمنٹ ہے ۔اگر متعلقہ محکمہ پورا فنڈز ایک ہی مرتبہ دستیاب کرے تو مذکورہ پرائمری ہیلتھ سینٹر فینگش ہو سکتا ہے ۔رابطہ کرنے پر محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ جیسے جیسے فنڈز دستیاب ہوتا ہے ساتھ ساتھ اتناکام کیا جاتا ہے۔