سماگرا شکشا کے تحت ترقیاتی کام

ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے جائزہ لیا
جے بی سنگھ
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چودھری نے سماگرا شکشا کے تحت ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ سکول تعلیم راجوری-پونچھ محمد اشرف چوہدری نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے مختلف تعمیراتی اور غیر تعمیراتی اجزاء کے تحت ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ ضلع کمشنر نے سکولوں کے بہتر انفراسٹرکچر کو تیزی سے بڑھانے اور تمام منظور شدہ انفراسٹرکچر کے کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر ڈویژن4 کو ہدایت کی گئی کہ وہ منظور شدہ کاموں کے فوری طور پر ٹینڈر لگوائیں اور ان کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ میں مختلف محکموں کی جانب سے مختلف سکیموں کے تحت کئے جانے والے تعمیراتی کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلع کمشنر نے اسکولوں میں معیاری کھانے کے ساتھ پی ایم پوشن یعنی مڈ ڈے میل کے مناسب نفاذ پر زور دیا اور طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے بہتر رہائش فراہم کرنے کے لئے تعمیراتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔ ضلع کمشنر نے چیف ایجوکیشن آفیسر کو تمام پرائمری اور مڈل سکولوں میں بچوں کی تفریح کے لئے جھولے اور سلائیڈز کی تنصیب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے پندرہ دن میں ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔ میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن پونچھ-راجوری محمد اشرف چوہدری، چیف پلاننگ آفیسر مقصود احمد، چیف ایجوکیشن آفیسر بشمبر داس، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پلاننگ آفیسر نریندر موہن سوری کے علاوہ زونل ایجوکیشن آفیسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔