سرنکوٹ کے پہاڑی طبقہ کی حکومت ِ ہند سے اپیل

قبیلہ کو حد بندی کمیشن سے قبل شیڈیول ٹرائب کا درجہ دیاجائے
امیر الدین زرگر
سرنکوٹ//جموں وکشمیر میں رہائش پذیر پہاڑی قبیلہ کے لوگ جوکہ تعلیمی، سماجی واقتصادی طور پسماند ہیں، پچھلے چار دہائیوں کے زائد عرصہ سے شیڈیو ل ٹرائب درجہ کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اِس قبیلہ کے لوگ راجوری ، پونچھ اضلاع کے علاوہ اوڑی، کپواڑہ، ٹنگڈار، کرناہ، اننت ناگ، کوکرناگ ، بانڈی پورہ، گاندربل وغیرہ کے چند دیہات میں رہائش پذیر ہیں اور پسماندگی کی زندگی جی رہے ہیں۔ سرنکوٹ سے قبیلہ کی سیاسی وسماجی شخصیات نے حکومت ِ ہند سے مانگ کی ہے کہ حد بندی کمیشن رپورٹ سے قبل پہاڑی قبیلہ کو شیڈیول ٹرائب کا درجہ دیاجائے ۔ اگر ایسا نہ کیاگیا تو یہ قبیلہ کے ساتھ بہت زیادہ نا انصافی اور زیادتی ہوگی جوکہ پہلے ہی 1947کی تقسیم سے اپنی کوئی ہوئی شناخت ، عظمت ووقار کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر یوٹی میں پہاڑی قبیلہ کو دی گئی چار فیصد ریزرویشن میں لگائی گئی انکم بار کو ہٹانے کی بھی مانگ کی ہے۔