ورلڈ کپ 2019 : سیمی فائنل میں ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گے ہندوستان اور پاکستان !۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کا میچ انتہائی دلچسپ اور ہائی وولٹیج ہوتا ہے اور اگر وہ مقابلہ ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہو ، تو پھر اس کے وولٹیج کا اندازہ لگانا بھی کافی مشکل ہوتا ہے ۔ اس ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں ، جس میں ہندوستان نے 89 رنوں سے بڑی جیت درج کی تھی ، لیکن دونوں ٹیموں کے ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے کا امکان پیدا ہوتا ہوا نظر آرہا ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو پاکستانی ٹیم پہلے کے مقابلہ میں زیادہ جارحانہ ہوکر میدان پر اترے گی ۔

پہلے جنوبی افریقہ اور پھر نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، اس سے واضح طور پر نظرآرہا ہے کہ کافی کچھ بدل گیا ہے اور اگر وہ اپنے باقی بچے ہوئے دونوں میچ اسی طرح سے جیت لیتی ہے تو وہ گروپ اسٹیج میں چوتھے نمبر پر آسکتی ہے اور پھر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوسکتی ہیں ۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو نیوزی لینڈ کو ہرانے کے بعد پاکستان 7 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ پہلے نمبر پر آسٹریلیا ، دوسرے پر نیوزی لینڈ ، تیسرے پر ہندوستان اور چوتھے پر انگلینڈ ہے ۔ تاہم انگلینڈ کے پاس 7 میچوں میں 8 پوائنٹس ہیں اور اگر وہ باقی بچے دو میچوں میں سے کوئی میچ ہارتا ہے تو سیمی فائنل میں پہنچنا اس کیلئے مشکل ہوجائے گا ۔

انگلینڈ کیلئے مشکل یہ ہے کہ اس کے باقی بچے دو میچ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہیں ، جس میں جیت حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا ۔ اگر وہ دونوں میچ جیت جاتا ہے تو اس کے 12 پوائنٹس ہوجائیں گے اور سیمی فائنل میں پپہنچ جائے گا۔ تاہم اگر کسی ایک میچ میں اس کو شکست ملی تو پھر اس کے پاس 10 پوائنٹس ہی ہوں گے اور سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہوجائے گا۔

وہیں اگر پاکستان کی بات کریں تو 7 میچوں میں پاکستان کے پاس 7 پوائنٹس ہیں ، مگر تھوڑی راحت کی بات یہ ہے کہ اس کے باقی بچے میچ افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہیں ۔ پاکستان اگر دونوں میچ جیت جاتا ہے تو پھر اس کے 11 پوائنٹس ہوجائیں گے اور انگلینڈ کے ایک میچ گنوانے کے بعد سیمی فائنل میں اس کے پہنچنے کا امکان بڑھ جائے گا ۔

ادھر اگر ہندوستان سبھی میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر رہتا ہے اور پاکستان چوتھی پوزیشن پر آتا ہے ، تو پھر سیمی فائنل میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ ہوسکتا ہے ۔ قوانین کے مطابق پہلی پوزیشن کی ٹیم کا سامنا چوتھی پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ دوسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کا میچ تیسری پوزیشن والی ٹیم سے ہوتا ہے ۔