طُلباء کو امن اور انسانیت کا علمبردار بننے کی ضرورت پر نعیم اختر کا زور بی جی بی ایس یو کے13 ویں یوم تاسیس پر طُلباء سے خطاب کیا

اُڑان نیوز
راجوری//تعمیرات عامہ کے وزیرنعیم اختر نے طُلاب میں اخلاقی اقدار اُجاگر کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تا کہ وہ مستقبل کے راہ نما بن کر قوم کو ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی ڈگر پر گامزن کراسکیں۔وزیر موصوف آج یہاں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے13 ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے دوران سکالروں، طُلاب اور تعلیم دانوں سے خطاب کر رہے تھے۔نعیم اختر نے کہا کہ یونیورسٹی کے طُلاب پر لازمی ہے کہ وہ بابا غلام شاہ بادشاہ کے اقدار کو آگے بڑھاتے ہوئے امن اور انسانیت کے پیغام کو عام کرنے میں ایک اہم رول اداکریں۔وزیر نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید جو اس یونیورسٹی کے بانی تھے، کا خواب شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے۔ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر حُسین، وائس چانسلر بی جی بی ایس یو پروفیسر جاوید مسرت، پروفیسرصاحبان اور یونیورسٹی کا عملہ بھی اس موقعہ پر موجود تھا۔ وزیر موصوف نے طُلاب سے کہا کہ وہ برصغیر سے آگے بڑھ کر جنوب ایشیائی ممالک میں تحقیق، کلچر، ہُنر مندی اور تربیت کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔انہوں نے طُلاب پر زور دیا کہ وہ اپنی ایمانداری، محنت و مشقت اور وسیع نظریے کی بنیاد پر سماج میں اپنا نام کمائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ باعث افتخار ہے کہ یہ یونیورسٹی سیکھنے کے عمل میں ایک نمایاں ادارے کے طور پر اُبھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس خطے میں تعلیم کے شعبیٔ کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے وعدہ بند ہے۔دریں اثنا وی سی نے مختلف شعبوں میں یونیورسٹی کی حصولیابیوں کو اُجاگر کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کو تحقیق اور تدریس کے شعبوں میں آگے لے جانے کے لئے کوششیں جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی نے مختلف شعبوں میں5 ایوارڈس کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے13 نئے کورس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ تدریسی اور انتظامی شعبوں میں کافی پیش رفت حاصل کی ہے۔اس موقعہ پر تحقیق، سائنس اور ہیومینٹی شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پروفیسر علی اصغر اور ڈاکٹر شمس کمال کی عزت افزائی بھی کی گئی۔بعد میں وزیر نے یونیورسٹی کا کلینڈر اور ترانہ جاری کیا۔اس موقعہ پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔