میونسپلٹی نے تجاوزات کے خلاف کاروائی عمل میں لائی

پرتپال سنگھ
پونچھ// اے ڈی ڈی سی پونچھ عبدالحمید شیخ کی سربراہی میں میونسپلٹی کے افسران اور اہلکاروں نے پونچھ وارڈ نمبر تین اور بس اڈہ پر ہوئی غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کا کام کیا۔۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو افسر میونسپلٹی ارشاد صوفی نے اس حوالہ سے بتایا کہ وارڈ نمبر تین میں محمد اسلم نامی ایک شخص نے نالی کے اوپر قبضہ کیا ہوا تھا جس کی خبر ملتے ہی ایڈیشنل ڈپٹی ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ نے حکم نامہ جاری کرکے ایک ٹیم تشکیل دے کر موقعہ کا ملاحظہ کیا جہاں سے مشین لگاکر غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ ٹیم نے بس اڈہ کے پاس پھر سے کی گئی غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کا دعوی کیا ہے۔ ارشاد صوفی نے اس حوالہ سے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ میونسپلٹی کی ملکیت کو اپنی ملکیت سمجھ کا اس کا تحفظ کریں اور ساتھ ہی اگر کہیں کوئی ایسی بات سامنے آئے تو متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ وقت پر ہی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اس موقع پر پونچھ میونسپلٹی کے کئی ملازمین بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔