حکومت تمام سکولوں میں بنیادی ڈھانچہ کو بڑھاوا دینے کی وعدہ بند: الطاف بخاری نجی تعلیمی اداروں کو دیہی علاقوں میں اپنی خدمات انجام دینے پر زور دیا

اڑان نیوز
جموں//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے تاکہ حصول تعلیم کے عمل کو مزید کار گر بنایا جاسکے۔جموں یونیورسٹی میں ایک نجی سکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سرکاری سکولوںمیں اضافہ کلاس روم ، صفائی ستھرائی ، بجلی اور پانی کی سہولیات کی دستیابی کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف بھی توجہ دی جارہی ہے۔انہوںنے تعلیمی شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کے رول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے تعلیمی سیکٹرمیں ایک کلیدی رول ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 16لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ 9لاکھ بچے نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وزیر نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں بھی اپنی خدمات انجام دیں اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اس سے پہلے وہاں موجود طلاب نے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کیا۔ تقریب پر سیکرٹری تعلیم کے علاوہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔