سیرت ؐکانفرنس ’وہ نبیوں میں رحمت ؐ لقب پانے والا‘ حب رسول ؐہی مومن کا سرمایۂ حیات ہے: مفتی فیض الوحید قاسمی

اُڑان نیوز
پونچھ//تنظیم علماء اہل سنت والجماعت پونچھ کے زیر اہتمام کھنیتر میں منعقدہ تنظیم کے سالانہ اجلاس عام بعنوان ’’وہ نبیوں میں رحمت ؐلقب پانے والا‘‘ جس میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی اس موقعہ پر ضلع بھر کے علماء کرام اور ذمہ داران مدارس بھی موجود تھے مقام علماء کے علاوہ جن اہم شخصیات نے اس تاریخی اہمیت کے حامل پروگرام میں اصلاح معاشرہ اور سیرت النبیؐ کے موضوع پر بے حد پراثر اور فکر انگیز بیانات فرمائے ان میں مرکز المعارف بٹھنڈی جموں کے صدر مفتی مفسر قرآن مولانا مفتی فیض الوحید قاسمی صاحب اور دارالعلوم بلالیہ سرینگرکے مہتمم مولانا مفتی عبد الرشید مفتاحی نمایاں تھے اپنے مخصوص اور پردرد انداز میں اصلاح معاشرہ کے موضوع پر بولتے ہوئے مفتی عبد الرشید مفتاحی نے سامعین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ انتہائی خوش قسمت ہیں جو اس قسم کے دینی اور اصلاحی پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں مگر اصل معاملہ ایسے پروگراموں کی افادیت اور اہمیت کو سمجھنا ہے اور عملی زندگی میں قرآن وسنت کو داخل کرنا ہے مولانا نے زور دیکرکہا کہ آج امت ناقدری کا شکار ہورہی ہے اسلام کتنی بڑی نعمت عظمیٰ ہے مسلمان اس سے غافل ہے جس کی وجہ سے مسلمان عملی زندگی میں سب سے پیچھے ہے اس لئے مسلمانوں کو اس بات کا احساس کرنا پڑے گا کہ ان سے بہت بڑی بھول ہوئی ہے انہیں عملی زندگی میں آنا پڑے گااپنے انتہائی فکر انگیز اور مفصل خطاب میں مولانا مفتی فیض الوحید قاسمی نے سیرت النبیؐ کے حوالہ سے معلومات پر مبنی بیان فرمایا اور قرآنی آیات سے زبردست استدلال پیش کرتے ہوئے سیرت النبیؐ کے موضوع پر منفرد بیان کرتے ہوئے رسالتمآبؐ کی شان اقدس کو بیان کیا مفتی صاحب نے حب نبوی ؐ پر بولتے ہوئے کہا کہ آقائے نامدار کی ذات ایسی شان والی ذات ہے کہ جن کے پیدا ہونے سے ہزاروں سال پہلے مکہ شہر کو بسایا گیا پھر اسے آباد کیا گیا اور پھر نبیؐ کے پیدا ہونے کی وجہ سے خدا نے شہر مکہ کی قسم کھائی حب رسولؐ وہ وصف ہے جس کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں اور جو مومن کے لئے سب سے بڑا سرمایہ حیات ہے اس لئے حب رسولؐ کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ ہماری زندگیوں میں سنتوں کا چلن ہو رسم ورواج اور شرک وبدعات سے اپنے آپ کو دور رکھیں اس موقعہ پر تنظیم کے نائب صدر مولانا فتح محمدنے بھی سیرت النبی ؐ کے موضوع پر بیان کیا مولانا نے علماء کرام اور بزرگان دین کے عشق رسول ؐکے موضوع پر مفصل بیان کیا اور بانی دارالعلوم دیوبند علامہ قاسم نانوتوی ؒ ، شیخ الاسلام علامہ مدنیؒ ،حکیم الامت حضرت تھانویؒ اور دیگر اکابر امت کے عشق رسول سے بھر پور واقعات کو مدلل انداز میں پیش کیا اپنے صدارتی کلمات میں تنظیم کے صدر مولانا سعید احمد حبیبؔ نے تنظیم کے مقاصد اور منعقدہ پروگرام کے پیغام کے حوالہ سے اپنے بیان میں کہا کہ تنظیم کے منشور میں تعلیم اور اتحاد کو فروغ دینا ہے اس لئے تنظیم بلارنگ ونسل ہر کسی کو اتحاد کی دعوت دیتی ہے حالات اور واقعات کا تقاضا ہے کہ اتحاد ملت کو فروغ دیا جائے اور اختلافات کو کم سے کم ہوا دیجائے مولانا نے سامعین سے اپیل کی کہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو دین بیزاری سے بچایا جائے اور ان کے اندر دینی حمیت غیرت اور حیا کو پیدا کیا جائے شادی بیاہ کے موقعہ پر جہیز فضول خرچی اور وازوان کلچر سے پرہیز کیاجائے اس موقعہ پر دو اہم قرار دادیں بھی پیش کی گئیں جن کو ہزاروں کے مجمع نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی اولا حکومت ہند مسلمانوں کے شرعی معاملات میں دخل اندازی دینا بند کرے طلاق نکاح اور حلالہ جیسے مسائل کے ذریعہ سے اسلام کو بدنام کرنے کی منظم سازش نہ کرے ثانیاً یروشلم کے حوالہ سے حالیہ امریکی حکومت کے فیصلہ کے حوالہ سے سخت مذمت کی گئی او رامریکی حکومت کے اس فیصلہ کو ظالمانہ اور جابرانہ فیصلہ قرار دیا بیت المقدس جو مسلمانوں کا قبلہ اول تھا اور قیامت تک رہے گا مسلمان کسی بھی صورت میں اس سے دست بردار نہیں ہوسکتا اس موقعہ پر ضلع بھر کے مرحومین علماء کو بھی یادکیاگیا اور ان کے لئے دعاء مغفرت کی گئی تنظیم کے نظامت تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمد عبد اللہ حسین قاسمی نے انجام دی جب کہ خطبہ استقبالیہ صدر استقبالیہ کمیٹی وخزانچی قاری صدیق احمد نے پیش کیا آخر میں جنرل سکریٹری نے تمام علماء کرام وعوام الناس کا شکریہ اداکیا پروگرام کا اختتام تنظیم کے سرپرست وبزرگ عالم دین الحاج حضرت مولانا غلام قادر صاحب کی دعا پر ہوا۔