لال کرشن اڈوانی کوبھارت رتن ایوارڈ صدرجمہوریہ نے گھر پہنچ کر دیا

نیوزڈیسک
نئی دہلی//بی جے پی کے سینئرلیڈر لال کرشن اڈوانی کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز‘بھارت رتن’سے نوازا گیا۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے اڈوانی کو دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر بھارت رتن سے نوازا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر جگدیپ دھنکھر، سابق نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو بھی موجود تھے۔سی این آئی کے مطابق صدرجمہوریہ ہند مرمو نے سنیچر کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں سابق وزرائے اعظم پی وی نرسمہا راؤ اور چودھری چرن سنگھ، زرعی سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن اور بہار کے دو بار کے وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کو بعد از مرگ ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز‘بھارت رتن’سے نوازا۔سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کیلئے یہ اعزاز ان کے بیٹے پی وی پربھاکر راؤ نے قبول کیا۔ چودھری چرن سنگھ کے لیے، ان کے پوتے اور راشٹریہ لوک دل  کے صدر جینت چودھری نے صدر جمہوریہ ہند سے یہ اعزاز قبول کیا۔ وہیں سوامی ناتھن کی جانب سے ان کی بیٹی نتیا راؤ اور کرپوری ٹھاکر کی جانب سے ان کے بیٹے رام ناتھ ٹھاکر نے صدر جمہوریہ مرمو سے یہ اعزاز حاصل کیا۔کراچی، پاکستان میں پیدا ہونے والیلال کرشن اڈوانی 8 نومبر 1927 کو کراچی، پاکستان میں ایک ہندو سندھی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام کشن چند اڈوانی اور والدہ کا نام گیانی دیوی ہے۔ ان کے والد پیشے کے اعتبار سے ایک کاروباری تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ڈی جی نیشنل اسکول حیدرآباد سندھ میں داخلہ لیا۔ تقسیم کے وقت ممبئی آگئے۔اڈوانی 1947 میں ملک کی آزادی کا جشن بھی نہیں منا سکے تھے کیونکہ آزادی کے چند ہی گھنٹوں میں انہیں اپنا گھر چھوڑ کر ہندوستان جانا پڑا تھا۔ تقسیم کے وقت ان کا خاندان پاکستان چھوڑ کر ممبئی میں آ بسا۔یہاں انہوں نے بمبئی یونیورسٹی کے لاء کالج سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ ان کی بیوی کا نام کملا اڈوانی ہے۔ ان کے بیٹے کا نام جینت اڈوانی اور بیٹی کا نام پرتیبھا اڈوانی ہے۔