مرکزی جامع مسجد منڈی میں تکمیل حفظ قرآن کی دستاربندی

بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا اشدضروری :علماء
اُڑان نیوز
منڈی//مرکزی جامع مسجد شریف منڈی کے متصل مدرسہ رضا الاسلام منڈی کے طالب علم کے قرآن پاک حفظ کی تکمیل کے حوالے سے تکمیل حفظ قران کریم منعقد ہوئی۔ جس میں ضلع پونچھ اور منڈی تحصیل کے مقتدر علماء کرام شعراء عظام نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات سمیت منڈی تحصیل کے مختلف مقامات سے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شمولیت کی۔ اس عظیم الشان موقع پر تکمیل حفظ قران کریم میں شرکت فرما علماء کرام اور مفتیان عظام نے حافظ قرآن کی شان عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے مفصل اور مدلل بیانات سے عوام الناس کو مستفید کیا۔ بعد ازاں علماء کرام کے ہاتھوں قرآن پاک حفظ کی تکمیل کرنے والے مدثر سلیم ولد محمد سلیم ساکنہ ساوجیاں نامی طالب علم کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔ امام و خطیب مرکزی جامع مسجد شریف منڈی مولانا سید فاضل حسین رضوی نے کہا کہ مرکزی جامع مسجد شریف منڈی کے متصل مدرسہ رضا الاسلام منڈی عرصہ سے وجود میں آنے کے بعد اس مدرسہ کے دوسرے طالب علم کے قرآن پاک حفظ کی تکمیل کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطمات و معظمات اور گیارہویں شریف بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ قران کریم حفظ کی تکمیل منعقد کرنے کا اہم مقصد عوام اور بالخصوص طلباء کرام کے اندر ایک شوق اور ایک ذوق پیدا کیا جائے ۔طلباء کرام دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی جانب بھی اپنا رجحان رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک طالب علم حافظ قرآن بن جاتا ہے تو اللہ تبارک و تعالی اس کے مقام و مرتبے کو بہت بلند و بالا کر دیتا ہے۔ اسی سلسلہ میں ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں حافظ قرآن کی شان عظمت اور ان کے فضائل کمالات کیا اور اخرت میں اللہ تعالی انہیں اور ان کے والدین کو کتنا مقام عطا فرمائے گا۔ اس موضوع پر علماء کرام نے مفصل اور مدلل بیان کیے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام عالم اسلام کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی اور بالخصوص ملک ہندوستان اور یو ٹی جموں و کشمیر میں امن بھائی چارہ کے لیے دُعا کی گئی۔