کپواڑہ پولیس نے ملی ٹینٹ ماڈیو ل کا پردہ فاش کیا ،5 معاونین اسلحہ سمیت گرفتار:پولیس

سری نگر//سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے کراس بارڈر ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کرکے پانچ اعانت کاروں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہونے کے بعد کپواڑہ پولیس ، نو پیرا فیلڈ رجمنٹ نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران کراس بارڈر ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم دو لشکر ہینڈلرز جن کی شناخت منظور احمد شیخ عرف شکور ولد ولی محمد شیخ ساکن گابرا کرناہ اور قاضی محمد خوشحال ولد قاضی سعید یاسین ساکن دھانی کرناہ حال پی او کے کے بطور ہوئی ہے کے ذریعے بھیجے گئے ہتھیار اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث دہشت گردی کے ایک ماڈیول کے بارے میں جانکاری موصول ہوئی۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ظہور احمد بٹ ولد نور حسین بٹ ساکن ریر سدھی پورہ کرناہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے قبضے سے ایک اے کے رائفل ، ایک میگزین،بیس گولیوں کے راونڈ،دوپستول اور دو پستول میگزین برآمد کرکے ضبط کئے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ مذکورہ پاکستانی ہینڈرلز ظہور جو کہ لائن آف کنٹرول کے قریب ہی واقع ایک گاوں کا رہائشی ہے کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔انہوں نے کہاکہ تفتیش اور لیڈز کی بنیاد پر مزید چار ملی ٹینٹ معاونین جن کی شناخت خورشید احمد راتھر ولد محمد یوسف راتھر ساکن گابراکرناہ ، مدثر شفیق ولد شفیق احمد ساکن گابرا کرناہ ، غلام سرور راتھر ولد محمد یوسف راتھر ساکن گابرا کرناہ اور قاضی فاضل الٰہی ولد قاضی محمد انور کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور ان کے قبضے سے پانچ شارٹ رائفلیں، پانچ اے کے میگزین،اور سولہ اے کے راونڈ برآمد کئے گئے۔پولیس کے مطابق معاملے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہے اورکراس بارڈر اسلحہ اسمگلنگ کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہے۔