اپنی پارٹی جموں کشمیر کے عوام کو سیاسی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے کیلئے پْر عزم:الطاف بخاری

ظفر اقبال منہاس اور اشرف میر کو ووٹ کامیاب بنانے کی اپیل
اُڑان نیوز نیٹ ورک
سرینگر// جموں و کشمیر کے لوگوں کو سیاسی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں اننت ناگ-راجوری حلقے میں ظفر اقبال منہاس اور سرینگر حلقے میں محمد اشرف میر کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔سید محمد الطاف بخاری کل پارٹی صدر دفتر سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب کا مقصد جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے متعدد سیاسی کارکنوں کو پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر اْن کا استقبال کرنا تھا۔پارٹی جوائن کرنے والوں میں پلوامہ کے معروف سماجی کارکن وسیم احمد ملک، بی ڈی سی اونتی پورہ عبدالاحد، عبید بشیر، عادل بشیر، اور دیگر اشخاص شامل ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں اپنی پارٹی کے قائد نے جموں و کشمیر میں امن و استحکام، خوشحالی اور تعمیروترقی اور یہاں کے عوام کو سیاسی اور اقتصادی طور پ ربا اختیار بنانے کے حوالے سے اپنی پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا، ’’ہمارا بنیادی ایجنڈا جموں کشمیر میں پائیدار امن قائم کرنا، دائمی خوشحالی کو فروغ دینا اور اس خطے کو تعمیر و ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا اور یہاں کے عوام کو سیاسی و معاشی لحاظ سے بااختیار بنانا ہے۔روایتی سیاسی جماعتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ان جماعتوں کی دھوکہ دہی پر مبنی سیاسی بیانیہ اور جذباتی نعروں کو جموں کشمیر کو دہائیوں تک شدید مالی و جانی نقصانات سے دوچار کیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’روایتی جماعتیں اس سرزمین پر سالہا سال تک ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کی ذمہ دار ہیں، کیونکہ ان جماعتوں کی پْر فریب سیاسی بیانیہ اور جذباتی نعروں نے یہاں پْر تشدد حالات کی راہ ہموار کی۔ لیکن اب یہ روایتی جماعتیں بے نقاب ہوچکی ہیں کیونکہ عوام یہ بات بخوبی سمجھتے ہیں کہ ان کے پْرفریب بیانیہ اور جذباتی نعروں نے ہزاروں نوجوانوں کو گمراہ کیا اور ان کی زندگیاں تباہ کردیں۔ اس وجہ سے ہزاروں نوجوان یا تو جیلوں کی زینت بن گئے یا پھر قبرستانوں کی نذر ہوگئے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ ان فریبی جماعتوں نے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے گپکار الائنس قائم کیا تھا اور اب اپنے سیاسی اور انتخابی فائدے کیلئے خود ہی اس نام نہاد الائنس کو دفن بھی کردیا ہے۔‘‘اس تقریب میں سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ رہنما موجود تھے، اْن میں پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدر ظفر اقبال منہاس، پارٹی کی پارلیمانی ?مور کمیٹی کے چیئر مین محمد دلاور میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، انچارج حلقہ انتخاب پلوامہ ڈاکٹر سمیع اللہ، صوبائی آرگنائزر اور ڈی ڈی سی ہارون شبیر ریشی، پارٹی کے آئی ٹی ہیڈ اور انچارج سوشل میڈیا اویس مشتاق، سینئر لیڈر ظفر حبیب ڈار اور دیگر اشخاص شامل تھے۔