پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن

جموں/جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسز نے ہفتے کی صبح لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن لانچ کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کے رومیو فورس اور جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے ہفتے کی صبح پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق فوج کے رومیو فورس اور جموں و کشمیر پولیس کے ایس او جی نے 30 دسمبر 2023 کو پونچھ کے کسبلاری علاقے میں بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فوج نے بعد ازاں اس دھماکہ خیز مواد کو جنگل میں تباہ کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مشتبہ فراد کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعے کے روز بھی فوج نے مینڈھر سیکٹر کے علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق بفلیاز میں ڈھیرہ کی گلی کے نزدیک 21 دسمبر 2023 کو فوجی گاڑیوں پر حملے کے بعد پونچھ اور راجوری کے جنگلی اور دیہی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا تھا جو ہنوز جاری ہے۔پولیس کے مطابق اس حملے میں چار فوجی جوان جاں بحق ہوئے تھے۔ادھر راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جنگلی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں تاکہ امکانی حملوں کو رونماہ ونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔