میں روزانہ بنیادوں پر جموں وکشمیر میں بجلی کی فراہمی کا جائزہ لیتا ہوں:منوج سنہا

سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ بنیادوں پر جموں و کشمیر میں بجلی کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لئے تمام تر ضروری سہولیات فراہمی کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جا رہے ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں ذاتی طور پر روزانہ کی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کا جائزہ لیتا ہوں اور میں ہر علاقے کی بجلی کے متعلق فیڈ بیک حاصل کرتا ہوں’۔ان کا کہنا تھا: ‘وادی میں خراب بجلی ٹرانسفارمروں کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی ٹھیک کیا جاتا ہے اور جموں وکشمیر میں بجلی کی کوئی قلت نہیں ہے’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ لوگوں کے تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘اطہر عامر خان، جو ایس ایم سی کمشنر تھے، کی متحرک قیادت میں سری نگر وسیع پیمانے پر تبدیلی سے گذرا اور سری نگر اب ملک کے باقی شہروں کے لئے ایک رول ماڈل ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘گزشتہ دو برسوں کے دوران سری نگر میں وسیع پیمانے پر تبدیلی رونما ہوئی اور ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ سری نگر ملک کے بہترین شہروں میں سے ایک شہر ہے’۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لالچوک میں 31 دسمبر کی رات اس بات کی علامت ہے کہ جموں وکشمیر اپنی شان رفتہ کو بحال کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا: ‘جس طرح میری میرا دیش پروگرام میں جموں وکشمیر پہلے درجے پر رہے اسی طرح وکست بھارت نسکلپ یاترا میں بھی جموں وکشمیر پہلے نمبر پر رہے گا۔