ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے 692 نئے معاملے سامنے آئے

نئی دہلی//ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ-19 کے 692 نئے معاملے درج ہوئے ہیں اور اسی مدت میں چھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔اس کے ساتھ فعال کووڈ۔19 کیسوں کی کل تعداد 4,097 تک پہنچ گئی ہے، جو ملک میں کل ایکٹو کیسز کا 0.01 فیصد ہے۔ اس انفیکشن کی وجہ سے چھ مریضوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے دو مریضوں کی موت مہاراشٹر میں ہوئی، جب کہ دہلی، کرناٹک، کیرالہ اور مغربی بنگال میں ایک ایک موت واقع ہوئی، جس سے اموات کی کل تعداد 5,33,346 ہوگئی۔وزارت صحت نے کہا کہ اس معاملے میں اموات کی شرح 1.18 فیصد ہے۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 4,44,73,448 ہو گئی ہے جس سے صحت یابی کی شرح 98.81 فیصد ہو گئی ہے۔دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج کے مطابق بدھ کو راجدھانی میں کووڈ۔19 سب ویرینٹ جے این1 کا پہلا کیس درج کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر تین مشتبہ افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ ان میں سے ایک کی شناخت جے این1 کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دیگر دو کی تصدیق اومیکرن کے طور پر ہوئی ہے۔دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) نے کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ ایمس کے ڈائریکٹر نے ہنگامی اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے محکمہ کے سربراہوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں کووڈ 19 ٹیسٹنگ سے متعلق پالیسیوں، انفیکشن سے متاثرہ مریضوں کے لیے مخصوص علاقوں اور ہسپتال میں داخلے کے پروٹوکول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔