راجوری کے سولکی گاوں میں دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری

جموں//جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے سولکی گاوں میں منگل کو دوسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح راجوری کے سولکی گاوں میں چند مشکوک افراد کی نقل وحمل کے بعد فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر آپریشن شروع کیا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کومصدقہ اطلاع ملی ہے کہ گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیاہے۔ذرائع کے مطابق سولکی گاوں کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن جاری ہے جبکہ مقامی لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔امکانی دراندازی کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر نہ صرف فوج کی چوکسی بڑھائی گئی بلکہ سلامتی عملے کو جدید ہتھیاروں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ایل او سی پر سماج دشمن عناصر کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھنے کی خاطر بھی جدید ترین سازو سامان نصب کیا گیا ہے تاکہ دراندازوں کو اس طرف آنے سے قبل ہی فینسنگ کے نزدیک ہی مار گرایا جاسکے۔بتادیں کہ پولیس سربراہ آرآر سوئن اور شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے پیر کے روز ہی ایک مشترکہ سیکورٹی میٹنگ کے دوران ایل او سی کی صورتحال کا جائزہ لیاجس دوران فوج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔