شیر ِ کشمیر پل کے نزدیک شراب کی دکان کھولنے کی مخالفت

 

 

جے بی سنگھ

پونچھ//شیر کشمیر پُل پونچھ سٹار ہوٹل کے پاس شراب کی نئی دکان کھولنے کے خلاف لوگوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ معزز شہریوںاور نوجوانوں کے ایک وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد یاسین چودھری سے ملاقات کی اور اِس فیصلے کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ یہاں پر شراب کی دکان نہ کھولی جائے، پہلے ہی علاقہ میں منشیات کی وباءسے کثیر تعداد میں نوجوان متاثر ہیں، منشیات کی روکتھام کی بجائے مزید اس کی دلدل میں دھکیلنے کے لئے یہ شراب نہ کھولی جائے۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف حکومت نشہ مکت بھارت جیسی سکیمیں چلا کر ریلیاں نکال رہی ہے، جس میں نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے دور رہنے کی ہدایت کرتی ہیں وہیں دوسری جانب طرح جگہ جگہ نئے شراب خانے کھول کر کیا پیغام دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی وجہ سے برائیاں بڑھ رہی ہیں، کرائم ان کے پیچھے اگر دیکھا جائے تو منشیات ہی سب سے بڑا جرم اور سبھی جرائم کی ماں قرار دیا جاتا ہے مگر اس کے باوجود نہ جانے کیوں کسی مخصوص اور منظور نظر شخص کو مالی فائدہ فراہم کرنے کے لئے اس طرح کے کچھ ہتھکنڈے استعمال کر کے نوجوان نسل کو خراب کیا جا رہا ہے۔ اس بیچ اگر یہاں پر اس طرح سے شراب کھانا کھولا جائے گا تو وہ دن دور نہیں ہوگا کہ یہاں کا بچہ بچہ منشیات کا عادی ہو جائے گا جس کی وجہ سے وہ دیگر مختلف قسم کی برائیوں میں بھی سرگرم ہو جائے گا۔ وفد نے بتایا کہ ضلع کمشنر نے ان کو اس معاملے میں سنجیدگی سے نوٹس لینے کی ہدایت دی ۔