13جی آئی ٹیگنگ اور نان جی آئی ٹیگنگ مصنوعات کاافتتاح جموںوکشمیر یوٹی کے انمول فنی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کیلئے اہم سنگ میل :منوج سنہا

نیوزڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل راج بھون میں جموں وکشمیر کے 13 مختلف جی آئی اور نان جی آئی رجسٹرڈ کرافٹس کے کیوآر ۔ کوڈ پر مبنی لیبلز کا آغاز کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کاریگر برادری ، ہینڈی کرافٹس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر شراکت داروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کیو آر۔ کوڈ لیبل دستکاری کی اصلیت اور معیار کی تصدیق کرنے میں مدد کریں گے ،قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں معیار کو یقینی دہانی کو بہتر بنائیں گے اور کاریگروں ، تاجروں اور برآمد کنند گان کو فائدہ پہنچے گا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ جموںوکشمیر یوٹی کے انمول فنی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کیو آر ۔ کوڈ پر مبنی میکانزم مصنوعات کے معیار، حقیقت کو یقینی بنانے اور جموںوکشمیر میں تیار کردہ مصنوعات کی عالمی مانگ کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے برانڈ پوزیشننگ کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جی آئی ٹیگ ، کیو آر ۔ کوڈ پر مبنی لیبل ، پیکیجنگ وغیرہ کرافٹ شعبے کو زیادہ پیداواری اور مالی طور پر پُر کشش بنائے گی اور دستکاری صنعتی ترقی اور کاریگروں کی کمائی میں حصہ اَدا کرے گی۔اُنہوں نے حکومت کے وژن اور جموںوکشمیر کے کاریگروں اور بُنکروں کو زیادہ معاشی فوائد کی خاطر مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے جاری کوششوں کا بھی اِشتراک کیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہاکہ اِنتظامیہ نے مربوط ترقی اور برآمدی فروغ سے جموںوکشمیر یوٹی میں ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ شعبے کو فروغ دینے کے لئے کچھ اہم اقدامات کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت اِس اہم شعبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہینڈی کرافٹس ڈیپارٹمنٹ کو مصنوعات کی تنوع، برانڈ کو فروغ دینے اور خریداروں اور کاریگروں کو جوڑنے کے لئے مارکیٹنگ کی حکمت عملی کی ہدایت دی۔اُنہوں نے شراکت داروں کی باقاعدہ مشاورت ، بائیر۔ سیلر باقاعدہ میٹنگ منعقد کرنے اور مختلف پلیٹ فارموں پر سیلف ہیلپ گروپوں اور کاریگروں کے فروغ پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر مصنوعات کی کیو آر ۔ کوڈ سکیننگ کا لا ئیو مظاہرہ پیش کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر کو مقامی کرافٹس پر مشتمل جی 20کے سووینئر بھی پیش کئے گئے۔آج جن مصنوعات کے لئے کیو آر۔ کوڈ پر مبنی لیبل لانچ کئے گئے ان میں کشمیر پشمینہ ، کشمیر سوزنی ، کانی شال ، پیپر ماشی ، ختمبند ، کشمیر والنٹ ووڈ کاروِنگ ( جی آئی رجسٹرڈ کرافٹس) ، نمدہ ، کریول ، چین سِلائی ، سلورویئر ، فلیگری ، تانبے کے برتن اور ولو وِکر( نان جی آئی کرافٹس ) شامل ہیں۔محکمہ کی طرف سے جانکاری دی گئی کہ آج کے آغاز سے ہی جموںوکشمیر یوٹی اَپنے تمام کرافٹس کے لئے کیو آر( کوئیک رسپانس) پر مبنی لیبل جاری کرنے والا ملک کا پہلا خطہ بن گیا ہے ۔ 10دیگر دستکاریوں کے لئے جی آئی رجسٹریشن حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ پرشانت گوئیل ، سربراہان ، سینئر اَفسران اور کاریگر موجود تھے۔