ضلع ڈوڈہ کا پنچایت روتی پدرنہ منریگاکے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ

دانش اقبال
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ پنچایت روتی پدرنہ کی عوام کے ساتھ محکمہ دیہی ترقی کے استحصالی رویہ نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا۔بلآخر عوام روتی پدرنہ نے سامنے آکر متعلقہ محکمہ کی جانب سے منریگا کے نام عوام کو دیئے جارے رہے دھوکے کی کُلی کھول دی۔محکمہ دیہی ترقی کے استحصالی رویئے سے تنگ آئے ہوئے لوگوں نے آج سرپنچ عبدالرحمن کی زیر صدارت میں ایک میٹنگ منعقد کی جہاں مقامی لوگوں نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پلان عوام روتی پدرنہ کی جانب سے محکمہ کو دیا جاتا ہے وہ جب منظر عام پر آتا ہے تو وہ مکمل طور سے تبدیل کیا ہوا ہوتا ہے۔سرپنچ عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ محکمہ نے منریگا جیسی غریب دوست اسکیم کو عوام کش بنا کر رکھا دیا ہے۔ سرپنچ نے تشویش بھرے لہجے میں کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ موجودہ وقت میں سرکار کی جانب سے عوام کو فائدہ پہنچانے والی یہ سکیم راشی آفیسران کی ناجائز آمدنی کو جمع کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن گئی ہے جس کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے۔ مقامی لوگوں نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پنچایت روتی پدرنہ میں محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے برتے جا رہے استحصالی عمل کو روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور ایسے آفیسران و ملازمین کے خلاف سختی سے کاروائی عمل میں لائیں جو اسکیموں کا ناجائز فائد ہ اٹھا کر عوامی حقوق پر ہاتھ صاف کرنے میں گریز نہیں کرتے ہیں۔