2019عام انتخابات سے قبل فرقہ وارنہ سیاست ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو تشویش، بھاجپا کو خبر دار کیا

اڑان نیوز
جموں // نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 2019کے عام انتخابات سے قبل سیاست میں فرقہ واریت لانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھاریہ جنتا پارٹی کو خبر دار کیا ہے کہ وہ ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے سے باز آئے ۔ ہفتہ کے روز یہاں پارٹی دفتر شیر شکمیر بھون میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے مذہبی بنیادوں پر تقسیم بھارت ترقی ، اتحاد اور امن کے منافی ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مذہبی جذبات بھڑکائے گی کیونکہ وہ گزشتہ 4سال کے دوران ترقی ، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے ،کسانوں کو راحت دینے اور تعلیم و صحت شعبوں کی ترقی سے متعلق کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ این سی صدر نے سیاسی اور چناوی کامیابی کے لئے مذہبے کے استعمال کی مذمت کی اور کہا کہ نفرت کی سیاست ملک کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے ۔ انہوں نے سیاسی بقا کے لئے نفرت اور بد اعتمادی کے بیج بونے والوں کو یاد دلایا کہ بھارت کا ترنگا پرچم ایک مسلمان کی اختراع تھا ۔ جب بھارتی مسلمانوں کا اتنا بڑا حصہ ہو ، خود ساختہ قوم پرست ان کی حب الوطنی پر کس طرح انگلیاں اٹھا سکتے ہیں ۔انہوں نے جموں و کشمیر میں بھی نفرت اور عدمِ برداشت کے پھن پھیلانے پر تشویش ظاہر کی اور کٹھوعہ میں ایک 8سالہ بچی کی بہیمانہ عصمت دری و قتل کے ملزمان کی حمایت میں ترنگا یاترا نکالنے کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تعجب کی بات ہے کہ عصمت دری و قتل کے ملزمان کے ساتھ بے شرمی سے ترنگے کے سائے میں یک جہتی کا ظہار کیا گیا ۔ انہوں نے اس پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ کیسے ایک قاتل کو مذہبی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خطرناک رجحان بنایا جا رہا ہے جو ریاست کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے خطرہ ہے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکمران جماعت کے ایک ممبرا پارلیمنٹ کی طرف سے الگ الگ ذاتوں کے لئے الگ الگ شمشام گھاٹ بنانے پر بھی حیرت کا ظہار کیا ۔نیشنل کانفرنس صدر نے جموں کے امن پسند عوام سے تلقین کی کہ وہ وہ تقسیم کرنے والی طاقتوں کو الگ تھلگ کریں۔این سی صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر ریاست کو واحد اکائی کے طور پر ترقی کی راہ پر گامزان کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف نیشنل کانفرنس ہی ریاست کو تین الگ حصوں میں بکھرنے سے روک کر اسے بھارت کا تاج بنے رہنے کا منفرد مقام برقرار رکھ سکتی ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنان سے بھائی چارہ ، اتحاد اور امن بنائے رکھنے کے لئے کام کرنے کی تلقین کی۔ یہ تقریبسابق وائس چانسلر جموں یونی ورسٹی پروفیسر آر آر شرما ، سابق ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات سردار نریندر سنگھ اور سابق ایڈیشنل کمشنر و آئی آئی اے ایس آفیسر محمد سلیم کے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کے سلسلہ میں منعقد کی گئی تھی ۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر و ایم ایل اے نگروٹہ دویندر سنگھ رانا، ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ، سرجیت سنگھ سلاتھیہ ، مبارک گل ، رتن لال گپتا ، ٹھاکر کشمیرا سنگھ، با بو رام پال ، اعجاز جان ، شیخ بشیر احمد و دیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔