کٹھوعہ واقعہ کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا :الطاف بخاری

اڑان نیوز
سرینگر//کٹھوعہ میں معصوم بچی کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کا عندیہ دیتے ہوئے ریاست کے وزیر تعلیم نے کہاکہ تحقیقات جاری ہے اور بہت جلد عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعے نے سبھی کے دل چھلنی کردئے ہیں اور معاملے پر سیاست کرناناقابل برداشت ہے۔ کوٹھی باغ ہائیر سکنڈری اسکول سرینگر میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاست کے وزیر تعلیم الطاف بخاری نے کہاکہ کٹھوعہ میں معصوم بچی کے قتل میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے کئی افراد پر سیاست کر رہے ہیں جو ٹھیک نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعے نے سبھی لوگوں کے دل چھلنی کردئے ہیں اور حکومت نے کرائم برانچ کے ذریعے اس کی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ۔ انہوںنے کہاکہ قتل میں ملوث افراد چاہئے کسی بھی فرقے سے ہو انہیں سخت سزا دی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ کرائم برانچ معاملے کی اچھی طرح سے تحقیقات کر رہے ہیں ، قتل میں ملوث دو ایس پی اوز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ریاست کے وزیر تعلیم الطاف بخاری نے کہاکہ بدقسمتی سے کہنا پڑرہا ہے کہ کئی افراد اس معاملے پر بھی سیاست کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ وزیر کے مطابق چاہئے کوئی کچھ بھی کریں تاہم ریاستی حکومت یہ واضح کرنی چاہتی ہے کہ اس معاملے پر ہاتھ پیچھے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، تحقیقات اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی اور ملوث افراد کو سخت سزا ملے گی ۔ الطاف بخاری نے بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ کسی کو بھی اس معاملے میں سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کرائم برانچ کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر کیس کو حل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں او ر کرائم برانچ کی سپیشل ٹیم اس کیس کو بہت جلد حل کرئے گی۔