سینٹرل یونیورسٹی کمشنر 15دنوں کے اندر گاندربل سے اپنا کام کاج شروع کرے گی: الطاف بخاری

جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے آج کہا کہ سینٹرل یونیورسٹی کشمیر 15دنوں کے اندر اندر ضلع گاندربل سے اپنا کام کاج شروع کرے گا۔انہوںنے صوبائی و ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ یونیورسٹی کے حکام کو وائس چانسلر کے دفتر و دیگر دفاتر متعلقہ جگہ پر منتقل کرنے میں بھرپور تعاون دیں۔وزیر موصوف افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے جو گاندربل میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کو اپنی جگہ پر منتقل کرنے کے سلسلے میں غور وخوض کرنے کے لئے بلائی گئی تھی۔ارکان قانون سازیہ محمد اکبر لون ، شیخ اشفاق جبار ، یاسر ریشی ، وائس چانسلر سی یو کے پروفیسر معراج الدین میر، چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اصغر سامون ، این بی بی سی کے نمائندوں ،اعلیٰ تعلیم اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی کو سپورٹ کالج ، اولڈ ہسپتال بلڈنگ اور کرایہ پر لئے جارہی عمارات فراہم کی جائیں گی جب تک اس یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر مکمل ہوگی ۔