بالی نے ہائی کورٹ کمپلیکس میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج یہاں ہائی کورٹ کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں قائم سرکاری ڈسپنسری میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، سینئر ایڈوکیٹ اور بار ایسو سی ایشن جموں کے صدر بی ایس سلاتھیہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹرگرجیت سنگھ، مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر موہن سنگھ، ایم ڈی جے کے پی سی سی نعیم احمد ، جوائنٹ پلاننگ مد ن لال وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے موقعہ پر ڈسپنسری میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کورٹ کے احاطے میں تعمیر کی جارہی پرائمری ہیلتھ سینٹر عمارت کا معائینہ کیا جس کے لئے سال 2012ء میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا۔بار ایسو سی ایشن کے ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ہائی کورٹ کمپلیکس میں تشخیصی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی وعدہ بند ہے جہاں روزانہ بہت سارے لوگ آتے جاتے ہیں۔انہوںنے موجودہ ڈسپنسری کو اَپ گریڈ کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔ جے کے پی سی سی کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ڈی پی آر تیار کریں اور ایک ہفتے کے اندر اس عمارت پر تعمیراتی کام شروع کریں۔اس سے پہلے بی ایس سلاتھیہ نے بار ایسو سی ایشن کے دیگر ممبرا ن کے ہمراہ وزیر کا کورٹ کمپلیکس میں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا۔وکلاء اور بی اے جی کے ملازمین کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھے جن میں سچن گپتا، وائس پریذیڈنٹ پریم سدوترہ ، جنرل سیکرٹری ہماشو شرما و دیگر معززین تھے۔