میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی پر بے ضابطگیوں کا الزام

نثار خان
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے نوجوان طبقہ اور انٹک نے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگرس اور تھنہ منڈی کے بے روزگار نوجوانوں نے بدھ کے روز میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور میونسپل کمیٹی حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگرس کے ضلع صدر طاہر احمد شال انکے ہمراہ جاوید احمدخان،محمد رفیق،اشفاق احمد کے علاوہ بڑی تعداد میں بیروزگار نوجوان احتجاج میں شامل تھے۔ جنکا کہنا ہے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں میونسپل حکام نے ان گنت کیجول لیبر اور نیڈ بیس ورکرز بھرتی کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بھرتی عمل میں ان افراد کو بھرتی کیا گیاہے جو اس سے قبل میونسپل حکام کے گھروں میں برتن دھوتے رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ میونسپل حکام تھنہ منڈی نے ان عارضی ملازمیں کو آن لائین کیا ہے جو ان آفیسران کے رشتہ دار ہیں۔ اور وہ عارضی ملازمین جو زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں ان کے ساتھ نا انصافی برتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ جو عارضی ملازمین عرصہ دس سالوں سے بطور نیڈ بیس اور کیجول لیبر کام کرتے ہیں انکے نام آن لائین فہرستوں سے غائب کر دیا گیا ہے۔ تھنہ منڈی کے بے روز گاروں اور انٹک نے کہا کہ میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے اور جو عارضی ملازم گذشتہ کئی سالوں سے کام کر رہے ہیں ان کا ان کا حق دیا جانا چاہیے۔اس بارے جب ایگزیکٹیو آفیسر تھنہ منڈی کبیر ملک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں جب سے یہاں تعینات ہوں میں نے ایک بھی آرڈر نہیں کیا مجھے آج ہی اس بارے شکائیت موصول ہوئی ہے میں دو روز کے اندر معاملے کی چھان بین کروں گا۔ اگر اس میں کوئی غلط پایا گیا تو اسکے خلاف مناسب کاروائی کی جائے گی۔