پلوامہ میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن ، گھر گھر تلاشی کارروائی جنگجوﺅں کی نقل وحرکت کے بعد پکھر پورہ ، پلوامہ شاہراہ سیل

اڑان نیوز
سرینگر// عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 3آر آر 44آرآر نے اتوار بعد دوپہر پلوامہ کے گاﺅں ابہامہ کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی بھاری جمعیت نے ابہامہ اور اُس کے منسلک گاﺅں کو بھی سیل کرکے تلاشی کارروائی شروع کی جس دورا ن مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق چیوا کلان اور کریم آباد پلوامہ گاﺅں میں بھی سیکورٹی فورسز نے تلاشی لی جس دوران لوگوں کے شناختی کارڈچیک کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ جنوبی ضلع پلوامہ کے کئی مقامی نوجوان عسکریت پسند صفوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں تلاش کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کو متحرک کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جب سے پکھر پورہ میں سیکورٹی فورسز اورجنگجوﺅں کے درمیان جھڑپ اختتام پذیر ہوئی تب سے جنوبی ضلع پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کو متحرک کیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں خصوصی اہلکار پہرہ داری کر رہے ہیں۔ ادھر عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پکھر پورہ پلوامہ شاہراہ کو سیل کرکے گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی ۔ نمائندے کے مطابق بعد دوپہر سیکورٹی فورسز نے شاہراہ پر ناکہ لگائے اور سومو گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی اس دوران
لوگوں کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے گئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف جنگجو مخالف آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کے بعد پلوامہ کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی لی گئی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں بھی اطلاع ملی ہے کہ جنوبی ضلع پلوامہ کے کئی مقامی نوجوان عسکریت پسند تنظیموں میں شامل ہو گئے ہیں تاہم اس بارے میں وثوق کے ساتھ کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق تحقیقات شروع کی گئی ہے کہ آیا نوجوانوں نے عسکریت پسند صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے یا نہیں۔