ذولفقار علی نے راجوری میں جاری کلیدی پروجیکٹوں پرپیش رفت کاجائزہ لیا 51.58کروڑ روپے والے17نبارڈ اور 100.232کروڑکے 3سی آر ایف پروجیکٹوں پر کام جاری

نیوزڈیسک
جموں//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کل یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران راجوری ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی اور کلیدی پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر کو بتایاگیا کہ مراسی سے بگیل کوٹ کے راستے ہوبیالا تک 10کلومیٹر لمبی سڑ ک کو دسمبر 2017ءتک مکمل کیا جائے گاجبکہ 7کلومیٹر لمبی جمولا کھاسڑک اگلے برس مارچ تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہاں اور انجینئر موجود تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ پیر ی میں گرلز ہوسٹل پر جاری کام اس برس کے آخر تک مکمل کئے جانے کی توقع ہے جبکہ پھلن گڑھ میں اسی طرح کا ایک ہوسٹل اگلے برس کی پہلی سہ ماہی میں مکمل کیا جائے گا۔انہیں بتایا گیا کہ اس وقت 51.58کروڑ روپے کی مجموعی لاگت والے 17نبارڈ پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جبکہ 100.32کروڑ روپے کی لاگت والے تین سی آر ایف پروجیکٹوں پر بھی کام جاری ہے۔وزیر نے عمل آوری ایجنسیوں کو ان کاموں میں سرعت لا کر انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔وزیر کو بتایا گیا کہ راجوری میں 139کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے میڈیکل کالج پر کام سرعت کے ساتھ جاری ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 2016-17کے دوران سٹی ٹاون کمپونٹ کے تحت 23.85کلومیٹر لمبی سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا جبکہ 2017-18کے دوران 28کلومیٹر لمبی سڑکوں پر میکڈم بچھایا جارہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ رمسا کے تحت 10سکول عمارتوں کو ترقی دی گئی اور دو عمارات پر کام جاری ہے۔