کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان

نیوزڈیسک
سرینگر+جموں// محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر ہلکے سے درمیانی درجے کے برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مغربی ہوا کی ایک لہر وارد وادی ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 15 سے 20 مارچ تک موسم مجموعی طور خشک رہنے کی توقع ہے۔ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں بدھ کو صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا۔