کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری، 10 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان

سری نگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کے بغیر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں 10 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 6 مارچ کی شام سے 7 مارچ تک مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 12 سے 14 مارچ تک بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ادھر وادی میں سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام کے بغیر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کو مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم آفتاب بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔