ملک کا دفاعی نظام پہلے سے زیادہ مضبوط: راجناتھ

نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ مودی حکومت ملک کے دفاعی نظام کو ہندوستانیت کے جذبے کے ساتھ تیار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اسے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا رہی ہے یہاں ایک پرائیویٹ میڈیا گروپ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے موجودہ اور پچھلی حکومتوں کے کام کاج میں فرق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی صلاحیتوں پر پختہ یقین رکھتی ہے، جب کہ اس سے قبل جو لوگ اقتدار میں تھے ان کے پاس اپنی صلاحیتوں کے بارے میں کسی حد تک شکوک و شبہات تھے۔انہوں نے دفاعی مینوفیکچرنگ میں ‘خود کفالت’ کے فروغ کو سب سے بڑی تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ اس سے دفاعی شعبے کو ایک نئی شکل مل رہی ہے۔ انہوں نے خود کفالت کے حصول کے لیے وزارت دفاع کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا جن میں اتر پردیش اور تمل ناڈو میں دفاعی صنعتی راہداریوں کا قیام، مثبت مقامی فہرستوں کا نوٹیفکیشن، گھریلو صنعت کے لیے کیپٹل پروکیورمنٹ بجٹ کا 75 فیصد محفوظ کرنا، آرڈیننس فیکٹری بورڈ کارپوریٹائزیشن میں انوویشن فار ڈیفنس ایکسی لینس (ا?ئی ڈی ای ایکس)، ا?ئی ڈی ای ایکس پرائم (ادیتی) اور ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ (ٹی ڈی ایف) کے ساتھ جدید ٹیکنالوجیز کی ترقی شامل ہے۔دفاعی شعبے پر ان فیصلوں کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ سالانہ دفاعی پیداوار، جو 2014 میں تقریباً 40,000 کروڑ روپے تھی، اب ریکارڈ 1.10 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ دفاعی برآمدات آج 16,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں، جو نو دس سال پہلے صرف 1,000 کروڑ روپے تھی۔ سال 2028-29 تک 50,000 کروڑ روپے کی برآمدات حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں مضبوط قیادت کی وجہ سے ہماری افواج مضبوط قوت ارادی رکھتی ہیں۔ ہم فوجیوں کے حوصلے بلند رکھنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ وہ لیس، قابل اور ہر اس شخص کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں جو ہندوستان پر بری نظر ڈالتا ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں پر بھروسہ کرکے اور نجی شعبے کو ایک مثالی ماحول فراہم کرکے اختراع کی حوصلہ افزائی کی ہے۔