زائد از دو لاکھ لوگوں نے مودی جی کا استقبال کیا :رویندر رینا

سری نگر//جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے جمعرات کے روز کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسے میں لوگوں کی بھاری شرکت سے یہ عیاں ہو رہا ہے کہ اس بار کشمیر میں کنول کا پھول ضرور کھلے گا۔انہوں نے کہاکہ بخشی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی اور جس طرح سے کشمیریوں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے لوگوں نے وزیر اعظم مودی کا والہانہ استقبال کیا ہے۔رویندر رینا نے کہاکہ مودی جی نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں۔ان کے مطابق کشمیر سے کنیا کماری تک بہت جلد ریل سروس شروع ہو گی ، کشمیر میں ایمز ہسپتال پر کام جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر امن و امان کے قیام کی خاطر وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں سرکار نے جو پالیسی اپنائی اس کی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کی ریلی میں زائد از دو لاکھ لوگوں نے شرکت کی ، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر لوگوں کا رش دیدنی تھا۔ان کے مطابق بھاجپا جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کے لئے پوری طرح سے تیار ہے اور اس بار کشمیر میں کنول کا پھول ضرور کھلے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ وزیر اعظم کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ، بھائی چارے کو مضبوط بنانے کی خاطر بھی زمینی سطح پر کام کیا گیا۔رویندر رینا کے مطابق آنے والے پارلیمانی چناو میں بھاجپا جموں وکشمیر کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرئے گی۔