خاندانی سیاست کی وجہ سے باصلاحیت افراد کو نقصان پہنچتا ہے

وعدے کے مطابق ہم نے آرٹیکل 370کو منسوخ کیا /وزیر اعظم مودی
حیدرآباد// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ خاندانی سیاست کی وجہ سے باصلاحیت افراد کو نقصان پہنچتا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مسٹر مودی آج سنگاریڈی ضلع میں 6,800 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پاٹینچیروکے پٹیل گوڈا میں ایس آر انفینٹی میں منعقدہ وجے سنکلپ سبھا میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر اپنی بدعنوانی کو چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کی۔ کانگریس کی وراثت اور خاندانی سیاست کے تصور کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے باصلاحیت افراد کونقصان اٹھانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے خاندانی سیاست کرنے والی جماعتوں کے اندر بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کے رہنماوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کی جانب سے عوام کے پیسے سے اپنے لیے رقم جمع کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے خاندانی سیاست کی پیروی کرنے والی جماعتوں کے جواز پر سوال اٹھایا اور کہا کہ انہوں نے کشمیر سے کنیا کماری تک ملک پر حکومت کی۔مسٹرمودی نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے ذریعے پورا ہونے والے وعدے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ہندوستان کو عالمی سطح پر تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کے وڑن کا خاکہ پیش کیا اور تلنگانہ کی ترقی کے لیے مرکز کے عزم کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ ملک کی ترقی ریاست کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ان کے لیے 140 کروڑ شہریوں والا پورا ملک ان کا خاندان ہے۔ انہوں نے اپنا خزانہ بھرنے ، تحائف لینے اور دولت جمع کرنے کے لئے خاندانی سیاست کرنے والے رہنماؤں کی سخت مذمت کی۔انہوں نے بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) اور کانگریس دونوں پر ‘جھوٹ.. لوٹ’ کا راستہ اختیار کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 400 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھیں۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، او بی سی کے قومی صدر ڈاکٹر لکشمن اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے پر ان پر تنقید کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ خاندانی راج چلانے والوں میں کافی زیادہ عدم تحفظ ہے انہوں نے تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں بی جے پی کی وجئے سنکلپ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ خاندانی جماعتوں نے کشمیر سے کنیا کماری تک حکومت کی ہے، جہاں وہ پارٹیاں ہیں، خاندان خوشحال ہوئے ہیں، کیا ان کے پاس لوٹ مار کا کوئی لائسنس ہے؟یہ کہتے ہوئے کہ وراثت کی سیاست کی مخالفت کرنے والی خاندانی جماعتیں باصلاحیت افراد کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع نہیں مل رہے، ہم آپ کے احسانات اور اعتماد ضائع نہیں ہونے دیں گے، یہ مودی کی گارنٹی ہے، موروثی جماعتوں کے لیڈران اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔ خاندانی حکمرانوں کے جمع کالا دھن چھپانے کے لیے بیرون ملک اکاؤنٹس کھولے گئے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ریاست کے نوجوانوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے جو کام کانگریس 70 سالوں میں نہیں کر سکی وہ کر دکھایا۔ ریاست کے عوام سمجھ گئے کہ کانگریس اور بی آرایس دونوں ایک ہی پارٹیاں ہیں۔ کالیشورم کے نام پر انہوں نے 50 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ ہمارا ملک دنیا کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وعدہ کے مطابق ہم نے آرٹیکل 370کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا ۔