وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 24 فروری کو اودھم پور کا دورہ کریں گے

جموں// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 24 فروری کو جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور کا دورہ کریں گے جہاں وہ شمالی کمان ہیڈ کوارٹرز پر کمان ہسپتال کی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع اس موقع پر جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال کے متعلق سینئر فوجی کمانڈورں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔انہوں نے کہا: ‘موصوف مرکزی وزیر اپنے اس دورے کے دوران جموں وکشمیر بالخصوص وادی کشمیر، لائن آف کنٹرول اور مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ لگنے والی حقیقی کنٹرول لائن پر تازہ سیکورٹی صورتحال کے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کریں گے’۔یہ راج ناتھ سنگھ کا گذشتہ دو مہینوں کے دوران جموں وکشمیر کا دوسرا دورہ ہے اور آپ یونین ٹریٹری کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں کے صرف 4 روز بعد کر رہے ہیں۔بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 20 فروری کو جموں کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور کئی نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔