جموں و کشمیر کے عوام عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا موقع فراہم کیا جائے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر//نیشنل کانفرنس سے وابستہ سرکردہ لیڈران، عہدیداران اور کارکنان کے علاوہ معزز شہریوں نے آج عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد گھر واپسی پر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کیساتھ ملاقی ہوئے اور مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سبھی ملاقی ہونے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جموں وکشمیر موجودہ سخت ترین چیلنجوں سے نجات دے اور یہاں کے عوام کو خوشحالی، فارغ البالی اور امن و چین کی زندگی نصیب کرے۔ جموںوکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے صدرِنیشنل کانفرنس نے کہا کہ ہماری جماعت نے ماضی میں سخت ترین چیلنجوں کا چٹان کی طرح مقابلہ کیا ہے اور سرخ رو ہوکر اُبھری ہے اور موجودہ آزمائشوں کیخلاف بھی ڈٹ کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور لوگوں کے بے پناہ تعاون و اشتراک نے اس تنظیم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنایا ہے اور اس جماعت نے ہر وقت عوام کوہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے،اسی تنظیم کے انقلابی تاریخی فیصلوں کی بدولت یہاں کے مظلوم اور محکموم عوام کو عزت نفس، خدا اعتمادی اور خود اعتمادی کی زندگی میسر ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بدقسمتی نے نئی دلی نے ہر دور میں نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں رچائیں اور آج بھی جموں وکشمیر کی اس واحد عوامی نمائندہ جماعت کو زک پہنچانے کیلئے بے پناہ مذموم کوششیں جاری ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے عوام آئینی حقوق کی بحالی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ یہاں کے عوام کے ناگفتہ بہہ حالت پر تشویش کا اظہار کرتی آئی ہے اورعوامی مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کے مطالبے کے ساتھ ساتھ تینوں خطوں میں جاری غیر یقینت خصوصاً سیاسی انتشار اور خلفشار کو ختم کرنے کیلئے بھی ہر سطح پر آواز بلند کرتی آرہی ہے اور اس بات کی وکالت کرتی ہے کہ یہاں کے عوام کو عزت اور وقار سے جینے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ملاقی ہونے والوں میں پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، ٹریجرر شمی اوبرائے، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس،سیاسی صلح کار مدثر شاہ میری، ترجمان عمران نبی ڈار، نائب صدر صوبہ احسان پردیسی، سوشل میڈیا انچارج عفراء جان، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، ضلع صدر بارہمولہ ڈاکٹر سجاد شفیع، ضلع صدر گاندربل غلام نبی راتھر اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔